جہانگیر خان ترین

وسائل رکھنے والے افراد پسے ہوئے طبقات کا خیال رکھیں’ جہانگیر خان ترین

ملتان (نمائندہ خصوصی)ترین ایجوکیشن فائونڈیشن کے بانی جہانگیر خان ترین اورفائونڈیشن کے صدر علی خان ترین نے خانیوال پبلک سکول اینڈ یونیورسٹی کالج میں جدید کمپیوٹر لیب اور دو نئے کلاس رومز کا افتتاح کیا۔ آئی ٹی لیب اور کلاس رومز کی تعمیر پر 14 ملین روپے لاگت آئی۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر خانیوال محمد علی بخاری، ڈپٹی کمشنر ملتان وسیم حامد سندھو، اے ڈی سی خانیوال عبد الستار خان، اسسٹنٹ کمشنر خانیوال سنبل جاوید، خانیوال پبلک اسکول اینڈ یونیورسٹی کالج کے پرنسپل حافظ محمد رشید سعید رانا، ترین ایجوکیشن فائونڈیشن کے سی ای او اکبر خان اور دیگر انتظامی عہدیدار بھی موجود تھے۔اس موقع پر جہانگیر خان ترین نے زور دیا کہ معیاری اور جدید تعلیم ہی ترقی کا واحد راستہ ہے،بچوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جدید تعلیم سے آراستہ کر کے ہم ملک کی ترقی کو یقینی بنا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے انہیں دوسروں پر خرچ کرنے کے لیے جو کچھ دیا ہے اس پر وہ خدا کا شکر گزار ہیں، بچوں کی تعلیم پر جتنا بھی خرچ کیا ،ان کے کام میں دس گنا برکت کے ساتھ واپس ملا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ اور ان کا بیٹا علی خان ترین ہمیشہ خانیوال کے بچوں کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔جہانگیر خان ترین نے کہا کہ ملک کے رہنمائوں اور وسائل رکھنے والے افراد کی ذمہ داری ہے کہ وہ پسے ہوئے طبقات کا خیال رکھیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ جلد ہی سرکاری سکولوں میں تعلیم کا معیار نجی اداروں کے برابر ہو جائے گا۔ڈپٹی کمشنر ملتان کی درخواست پر جہانگیر خان ترین نے جلالپور پیر والا پبلک سکول میں جدید تعلیمی سہولیات، بشمول آئی ٹی لیب کی فراہمی کا بھی اعلان کیا۔ترین ایجوکیشن فائونڈیشن کے صدر علی خان ترین نے خانیوال پبلک سکول میں لڑکیوں کے بلاک کے لیے ایک جدید کمپیوٹر لیب اور کلاس رومز کی تعمیر کا اعلان کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ لڑکیوں کی تعلیم میں سرمایہ کاری ہمیشہ بہتر نتائج دیتی ہے، ایک لڑکے کو تعلیم دینا ایک فرد کے لئے ہے جبکہ ایک لڑکی کو تعلیم دینا ایک پوری نسل کو بدل دیتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بہتر تعلیمی سہولیات جنوبی پنجاب میں خوشحالی لائیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں