مریم اورنگزیب

پلاسٹک موت ہے ،اشیائے خوردونوش مضرِ صحت پلاسٹک بیگز میں نہ ڈالے جائیں’ مریم اورنگزیب

لاہور (نمائندہ خصوصی)پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پلاسٹک موت ہے ، اشیائے خودونوش ہرگز مضرِ صحت پلاسٹک بیگز میں نہ ڈالے جائیں۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر محکمہ تحفظ ماحول کے سکواڈز کا پلاسٹک بیگز کی تیاری اوراستعمال کے خلاف رات گئے تک آپریشن کیا، 56فوڈ پوائنٹس کی انسپیکشن کی گئی، 10کے خلاف کارروائی کر کے 8فوڈ ہائوسز اور شاپس سیل کردی گئیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ 75مائیکرون سے کم حجم کے پلاسٹک بیگز کے استعمال پر فوڈ ہائوسز اورکھانے پینے کی دکانیں سیل کردی گئیں ، 15کلو مضرِ صحت پلاسٹک بیگز ضبط کیے گئے اور ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے 2افراد کو گرفتار کیا گیا۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ غیر معیاری پولیتھین بیگز میں کھانا کینسر اور دیگرجان لیوا بیماریوں کا سبب بنتاہے، پلاسٹک موت ہے، شہری خود بھی دکانداروں سے کھانا پلاسٹک بیگز میں نہ خریدیں۔

سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ عوام پلاسٹک بیگ لینے سے انکار کریں کیونکہ آپ پلاسٹک بیگ نہیں بیماری خرید رہے ہیں ، مینوفیکچررز بھی اس کو مت بنایں ورنہ کارروایاں ہوتی رہیں گی ، پلاسٹک بیگ کے استعمال کو ای پی اے کی ہیلپ لائن 1373پر رپورٹ کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں