عمران خان

اسلام آباد ہائی کورٹ،بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی 190 ملین پاﺅنڈز ریفرنس میں بریت کی درخواستیں سماعت کیلئے مقرر

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)اسلام آباد ہائی کورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کی 190 ملین پاﺅنڈز ریفرنس میں بریت کی درخواستیں سماعت کے لیے مقرر کر دیں۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل 2 رکنی بینچ کل (منگل) کو سماعت کرے گا۔اسلام آباد ہائی کورٹ میں بریت کی درخواستوں پر گزشتہ سماعت 2 اکتوبر کو ہوئی تھی۔

یاد رہے کہ 18 اکتوبر کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے 190 ملین پاﺅنڈز ریفرنس میں عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کی بریت کی درخواستوں پر سماعت کی کازلسٹ منسوخ کر دی تھی۔9 اکتوبر کو جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کی طبیعت ناسازی کے باعث سماعت نہیں ہو سکی تھی۔12 ستمبر کو اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی 190 ملین پانڈ ریفرنس میں درخواست بریت مسترد کردی تھی۔16 ستمبر کو سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی نے احتساب عدالت کا 190 ملین پانڈز ریفرنس میں درخواست بریت مسترد کرنے کا فیصلہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا تھا۔

ادھر، 19 ستمبر کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے ٹرائل کورٹ کو 190 ملین پانڈ کیس کا حتمی فیصلہ سنانے سے روک دیا تھا۔7 اکتوبر کو اسلام آباد کی احتساب عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشری بی بی کے خلاف 190 ملین پانڈ ریفرنس کی سماعت 19 اکتوبر تک ملتوی کر دی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں