اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وزیراعظم شہباز شریف ریاض میں 2 روزہ فیوچر انویسٹمنٹ فورم میں شرکت کے لیے سعودی عرب روانہ ہوگئے، ان کی ولی عہد محمد بن سلمان و دیگر اعلیٰ سعودی حکام کے ساتھ ملاقاتوں کا امکان ہے۔ وزیرخزانہ محمد اورنگزیب، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر نجکاری عبدالعلیم خان، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، وزیر پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک، وزیر تجارت جام کمال بھی وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ موجود ہیں۔ فیوچر انویسٹمنٹ فورم ممالک کو اقتصادی استحکام اجاگر کرنے، غیر ملکی سرمایہ کاری راغب کرنے اور پائیدار مستقبل کا لائحہ عمل وضع کرنے کے لیے اہم پلیٹ فارم ہے۔
فیوچر انویسٹمنٹ فورم اجلاس میں عالمی سرمایہ کاری پر توجہ مرکوز کی جائے گی، جس کا مقصد مصنوعی ذہانت، روبوٹکس، تعلیم، توانائی، مالیات اور علاج معالجے اور پائیداری جیسے بڑے مسائل حل کرنا ہے۔توقع ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف سعودی ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان اور دیگر اعلیٰ سعودی حکام کے ساتھ اہم دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔فریقین پاکستان اورسعودی عرب کے درمیان معاشی اور تذویراتی شراکت داری پر تبادلہ خیال کریں گے اور معیشت، توانائی اور دفاع کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون میں مزید اضافے کے امکانات کا جائزہ بھی لیں گے۔وزیراعظم شہباز شریف فیوچر انویسٹمنٹ فورم کی آٹھویں کانفرنس میں شریک عالمی رہنماؤں اور کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔