اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دیوالی تاریکی پر روشنی اور امید کی مایوسی پر فتح کے جشن کی عکاسی کرتی ہے۔ہندو برادری کے تہوار دیوالی پر پیغام میں انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں ہندو برادری کو میری جانب سے دیوالی کی ڈھیروں خوشیاں مبارک ہوں، دیوالی مناتے وقت سب مل کر مستقبل کو مثبت سوچ اور اتحاد کے نظریے سے دیکھیں۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ ہم اپنے معاشرے میں تنوع پر فخر کرتے ہیں جو ہمارے قومی دھارے کو مزید مضبوط بناتا ہے، پاکستان میں متحرک ہندو برادری کی گراں قدر خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں عقائد کا تنوع ہمارے لوگوں کے درمیان لچک اور اتحاد کا حقیقی ذریعہ ہے، حکومت ان اقدار کو برقرار رکھنے اور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پْرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ دعا ہے روشنیوں کا یہ تہوار آپ کی زندگیوں میں امن اور خوش حالی لائے۔اپنے پیغام میں وزیرِاعظم شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ دعا ہے کہ روشنیوں کا یہ تہوار ہمارے ملک میں تمام مذاہب کے لوگوں میں اتحاد اور بھائی چارے کے مضبوط رشتوں کو پروان چڑھائے۔