سلمان اکرم راجا

ستائیسویں آئینی ترمیم کے ذریعے فوجی عدالتیں قائم کرنا چاہتے ہیں ‘سلمان اکرم راجہ

لاہور( نمائندہ خصوصی) پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ چھبیسویں آئینی ترمیم پاکستان کے آئین اور عدلیہ پر حملہ ہے ،تحریک انصاف اس کے خلاف بھر پور مزاحمت کرے گی ،پوری قوم کو بنیادی حقوق کی پامالی اور سویلینز کوملٹری کورٹس میں لے جانے کے خلاف کھڑے ہونا چاہیے ،ہم بہت جلد ملک گیر احتجاج کا اعلان کریں گے،دھرنے اور احتجاج کے حوالے سے ہمارا پورا پلان ہے ،شیر افضل مروت کو ایک موقع دے رہے ہیں اگر ڈسپلن کا مظاہرہ نہ کیا تو پارٹی آئین کے مطابق کاروائی کریں گے۔ پنجاب اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی سے ملاقات ہوئی ہے ہمارے منتخب ممبران کے ساتھ زیادتی ہوئی ،چادر چاردیواری کا تقدس پامال کیا گیا لیکن پھر بھی ان کا عزم بلند ہے ۔

انہوں نے کہا کہ احتجاج کا اعلان جلد کریں گے اورپیچھے نہیں ہٹیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ستائیسویں آئینی ترمیم اس لیے کر رہے ہیں کہ فوجی عدالتیں قائم ہوں اور ہمیں بند کمروں میں سزائیں ہوں،ہم اپنا مقدمہ پاکستان کی عوام کے پاس لے کر جائیں گے کیونکہ یہ پاکستان کی عوام کا مقدمہ ہے، انشا اللہ ہم یہ جنگ جیتیں گے۔انہوں نے کہا کہ کب احتجاج کریں گے اس کی تفصیلات یہاں نہیں بتا سکتا ،جلسہ ایک دن کا ہوگا یا دھرنا دینا ہے ہمارے پاس تمام آپشنزموجود ہیں ۔انہوںنے کہاکہ بشری بی بی کا سیاست میں کردار ادا کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ،بشری بی بی گھریلو خاتون ہیں ان کا سیاست میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں ،اسی طرح علیمہ خان بھی بانی پی ٹی آئی کی بہن ہیں ان کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں جو فسطائیت ہوئی ہے اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی،لیکن اپنے اراکین اسمبلی کا جذبہ دیکھ کر خوشی ہوئی،ہمارے کارکنان اور لیڈران کو زدوکوب کیا گیا لیکن وہ ڈٹ کر کھڑے ہیں،بانی چیئرمین پی ٹی آئی کے ساتھ غیر انسانی سلوک کیا جا رہا ہے،کل ان سے ملاقات ہوئی ان کا جذبہ آج بھی بلند ہے،ہم ایک نئے پاکستان کے دہانے پر کھڑے ہیں،ہم اس جھوٹ کے نظام کو اٹھا کر باہر پھینک دیں گے۔انہوںنے کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم کے ذریعے آئین کی روح پر حملہ کیا گیا،ستائیسویں آئینی ترمیم کے ذریعے فوجی عدالتیں قائم کرنا چاہتے ہیںتاکہ کسی کے پاس اپیل کا حق نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ رات جتنی بھی تاریک ہو اس کے بعد سحر نے آنا ہی آنا ہے،ہم ثابت قدم رہیں گے کیونکہ ہمارا لیڈر شیر ہے،پی ٹی آئی ایک متحد جماعت ہے جسے فعال لیڈرشپ میسر ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں