اسلام آباد نمائندہ خصوصی) پی ٹی آئی رہنما شیرافضل مروت نے کہا ہے کہ سلمان اکرم راجہ کا میرے خلاف بیان افسوسناک ہے، ان کے ساتھ کام کیلئے رضامند تھا لیکن وہ نہ میرے باس ہیں نہ ہی ان کے پاس مجھے قابو کرنے کا اختیار ہے۔ایک انٹرویو میں شیر افضل مروت نے کہا کہ ان کے باس بانی پی ٹی آئی اور بیرسٹر گوہر ہیں اور وہ انہیں ہی جوابدہ ہیں، کوئی دوسرا فرد یہ حیثیت نہیں رکھتا۔ انہوں نے کہا کہ کوئی شک نہیں بانی کے سامنے بہت زیادہ جھوٹ بولا جاتا ہے، جتنی انرجی میرے دوستوں نے مجھ پر ضائع کی اتنی مخالفین پر کرتے تو فائدہ ہوتا، میں نے ہمیشہ کہا صرف بانی پی ٹی آئی اور بیرسٹر گوہر کو جوابدہ ہوں۔
شیر افضل مروت نے مزید کہا کہ اگر میرے دوست میرے ساتھ کمفرٹ محسوس نہیں کرتے تو مجھے احتجاج سے باہر رکھیں، میرے کچھ دوست نہیں چاہتے احتجاجی کمیٹی میں میرا نام نہ ہو، 9 مئی کے بعد اگرکسی نے احتجاج کیا تومیں نے ہی کیا تھا۔انہوں نے کہا بانی پی ٹی آئی صرف احتجاج کے ذریعے ہی باہرآئیں گے، آئندہ احتجاج حتمی اور آخری ہوگا۔شیرافضل مروت نے کہا کہ سلمان اکرم راجہ کوبانی کے سامنے حمایت کا یقین دلایا تھا، میڈیا پربیانات سے میری حوصلہ شکنی ہوتی ہے، بانی نے کہا ہے پارٹی کے اندرونی معاملات کو میڈیا میں نہ لایا جائے، سلمان اکرم راجہ کوایسی باتیں میڈیا پرنہیں کرنی چاہیے۔
اس سے قبل پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل بیرسٹر سلمان اکرم راجہ نے کہا تھا کہ شیر افضل مروت کا اپنا نکتہ نظر ہے، ہم دیوار سے سر نہیں پھوڑنا چاہتے۔اہوں نے کہا کہ شیر افضل مروت کو موقع دے رہے ہیں، انہوں نے ڈسپلن کا مظاہرہ نہ کیا تو ان کے خلاف کارروائی کریں گے۔