اشرف بھٹی

معاشی اصلاحات کے ایجنڈے کی کامیابی کیلئے پالیسیوں کا تسلسل ناگزیر ہے ‘ اشرف بھٹی

لاہور( نمائندہ خصوصی)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ پاکستان کو خود انحصاری کی منزل اور ترقی کیلئے چین کے ماڈل سے استفادہ کرنا ہوگا ،معاشی اصلاحات کے ایجنڈے کی کامیابی کیلئے پالیسیوں کا تسلسل ناگزیر ہے ۔اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ ہمیں یہ عزم بھی کرنا ہے کہ پاکستان اور چین کی شراکت داری کو معاشی اہداف کے حصول کیلئے نتیجہ خیز بنایا جائے گا،چین کی مثالی ترقی انتھک محنت اور کام سے لگن کی مرہنون منت ہے، اگر ہم چین کی انتھک محنت اور لگن سے سیکھیں اور چین کے ماڈل پر عمل پیرا ہوں تو پاکستان بھی دنیا میں اس کی طرح مقام حاصل کر سکتا ہے ۔

انہوںنے کہا کہ بجلی اور گیس کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے سے مہنگائی کی بد ترین لہر آئی ہوئی ہے جس کی وجہ سے عوام کی قوت خرید جواب دے رہی ہے ۔

اس میں کوئی شک نہیں ملک کا نظام چلانے کے لئے عالمی مالیاتی ادارے سے رجوع کرنا نا گزیر تھالیکن دوسری طرف اس سے چھٹکارا حاصل کرنے کیلئے بھی تو اقدامات نظر آنے چاہئیں ، پاکستان کب تک ایسے ہی کشکول اٹھائے پھرتا رہے گا اور عالمی مالیاتی اداروں کی کڑی شرائط مان کر اپنے عوام پر زندگی تنگ کی جاتی رہے گی ۔ عوام سے اپیل ہے کہ ہر شخص اپنی آمدن کے تناسب سے ٹیکس دے اور حکومت بھی ا س کا صحیح استعمال کرے اور سب سے پہلے غیر ملکی قرضے اتارنے کیلئے قومی پالیسی کا اعلان کیا جائے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں