وزیر اعلی سرفرار بگٹی

بلوچستان میں امن قائم کرکے دم لیں گے، دہشتگردوں کو ہر محاذ پر شکست ہوگی،وزیر اعلی سرفرار بگٹی

کوئٹہ (نمائندہ خصوصی )وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردوں کو ہر محاذ پر شکست ہوگی اور امن قائم کرکے دم لیں گے ۔اپنے ایک بیان میں وزیر اعلی سرفراز بگٹی نے بلوچستان کے علاقے راڑا شم میں سی ٹی ڈی اور سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی پر اظہار اطمینان کیا۔وزیراعلی نے جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سی ٹی ڈی اور سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے دہشت گردی کی کارروائی ناکام بنا دی، دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سی ٹی ڈی اور سکیورٹی فورسز کے جوانوں کو سراہتے ہیں۔

میرسرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف محتاط آپریشن کرکے سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا، دہشت گرد اندھا دھند دہشت گردی کرکے عام آدمی کو نشانہ بناتے ہیں، اس کے برعکس سکیورٹی فورسز محتاط کارروائی کرکے دہشت گردوں کو نشانہ بناتے ہیں تاکہ عام آدمی کو نقصان نہ ہو۔وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ ہمارے سکیورٹی فورسز کے بہادر جوان دہشت گردوں کے خلاف پوری بہادری سے برسر پیکار ہیں، امن کے لئے سی ٹی ڈی اور سکیورٹی فورسز فرنٹ لائن پر اپنا کردار ادا کررہی ہیں، بحالی امن کیلئے سیکورٹی فورسز اور سویلین شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔میر سرفراز بگٹی کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان میں امن قائم کرکے دم لیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں