پارلیمانی پارٹی

مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی نے افواج کے سربراہان کی مدت ملازمت میں توسیع کی تجویز منظور کرلی

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)مسلم لیگ (ن)کی پارلیمانی پارٹی نے مسلح افواج کے سربراہان کی مدت ملازمت میں توسیع کی ترمیم منظور کر لی جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ انتشار پھیلانے ،ملک کو دیوالیہ کرنے کے دہانے پر پہنچانے والوں کے ناپاک منصوبے ناکام ہوئے، ملک کی بقا کی خاطر اپنی سیاست کی قربانی دینے والوں کو تاریخ اچھے الفاظ میں یاد رکھے گی،وقت آگیا وفاقی کابینہ میں نئے لوگوں کو شامل کیا جائے، جلد وفاقی کابینہ میں رد و بدل ہوگا،ہر شعبے میں اصلاحات کا ایجنڈا نافذ کر رہے ہیں، سعودی و قطری قیادت نے معیشت کے استحکام ،ترقی کیلئے ہر قسم کی معاونت کی یقین دہانی کروائی ہے۔

پیر کو مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا جس میں ملکی سیاسی صورت حال، پارلیمانی امور اور قانون سازی سے متعلق مشاورت کی گئی۔ذرائع کے مطابق پارلیمانی پارٹی نے سپریم کورٹ کے ججز کی تعداد 17سے بڑھا کر 34کرنے کے بل کے مسودے کی منظوری دے دی جبکہ فوجی سربراہان کی مدت میں بھی توسیع کی ترمیم کی تجویز بھی منظور کر لی گئی۔ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے قومی اسمبلی سے آرمی ایکٹ اور سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ میں ترامیم کی منظوری لئے جانے کا امکان ہے۔اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم اور سب کی کوششوں سے ملک درست سمت میں جا رہا ہے، معیشت بہتر اور سرمایہ کاری ہو رہی ہے، سیاست قربان کر کے ملک کیلئے سوچنے والوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک نے بھی شرح سود میں 250پوائنٹس کی کمی کردی، 250پوائنٹس کی کمی سے شرح سود 17.5فیصد سے 15فیصد پر آنا خوش آئند ہے، شرح سود میں کمی سے ملک میں کاروباری سرگرمیوں، برآمدات اور روزگار کے مواقع میں اضافہ ہوگا۔وزیر اعظم نے کہا کہ مہنگائی کی شرح 38فیصد سے کم ہوکر 7فیصد تک آگئی، قومی و بین الاقوامی ادارے ملکی معیشت کے استحکام کی گواہی دے رہے ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے وفاقی کابینہ میں نئے لوگوں کو شامل کیا جائے، جلد وفاقی کابینہ میں رد و بدل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ انتشار پھیلانے اور خدانخواستہ ملک کو دیوالیہ کرنے کے دہانے پر پہنچانے والوں کے ناپاک منصوبے ناکام ہوئے، ملک کی بقا کی خاطر اپنی سیاست کی قربانی دینے والوں کو تاریخ اچھے الفاظ میں یاد رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ مورخ جب تاریخ لکھے گا تو واضح طور پر ملک کے خیر خواہوں کا بھی لکھے گا، مورخ آئی ایم ایف کو قرض دینے سے روکنے کیلئے خط لکھنے والوں کے بارے بھی لکھے گا۔انہوں نے کہا کہ آپ سب وہ عظیم لوگ ہیں جنہوں نے اپنی سیاست کی پرواہ کئے بغیر 24کروڑ عوام کے بارے سوچا۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ دورہ سعودی عرب میں پاکستان سعودیہ سرمایہ کاری شراکت داری میں نئے باب کا اضافہ ہواہے، فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹیو میں سعودی قیادت بالخصوص ولی عہد عزت مآب محمد بن سلمان سے تفصیلی گفتگو ہوئی،سعودی عرب پاکستان کا دیرینہ دوست اور شراکت دار ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سعودی قیادت نے پاکستان کی معیشت کے استحکام اور ترقی کیلئے ہر قسم کی معاونت کی یقین دہانی کروائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سعودیہ کی پاکستان میں حالیہ سرمایہ کاری کا حجم 2.2ارب ڈالر سے بڑھ کر 2.8ارب ڈالر ہو جائے گا۔ وزیر اعظم نے اجلاس کو بتایا کہ دورہ قطر کے دوران قطری قیادت نے بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کے اضافے کی یقین دہانی کروائی ہے، دورے کے دوران پاکستان میں قطری سرمایہ کاری کے 3ارب ڈالر کو منصوبوں کی شکل دینے کی بات ہوئی ہے، قطر پاکستان کے ہوابازی، ہوٹلنگ، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور توانائی سمیت دیگر مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان میں سرمایہ کاری کی سہولت اور بیرونی سرمایہ کاری میں اضافے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے،پاکستان کے ہر شعبے میں اصلاحات کا ایجنڈا نافذ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کو ہدایت کی ہے کہ ایسے لوگ جو ٹیکس دیتے ہیں وہ پاکستان کے سفیر ہیں، ان کی تکریم کی جائے اور جو لوگ ٹیکس دینے کے اہل ہونے کے باوجود ٹیکس چوری کرتے ہیں اور افسران جوچوری میں ان کی معاونت کرتے ہیں کیخلاف گھیرا تنگ کیا جائے۔وزیراعظم نے اجلاس میں پارلیمانی پارٹی کو قومی اسمبلی میں مجوزہ قانون سازی کے بل کے حوالے سے بھی اعتماد میں لیا ۔
٭٭٭٭٭

اپنا تبصرہ بھیجیں