اسلام آباد(نمائدنہ خصوصی)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور ترکیہ کے مابین دوطرفہ تعاون پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تجارت، سرمایہ کاری اور دفاع کے شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان میں جمہوریہ ترکیہ کے سفیر عرفان نذیراوعلو نے وزیر اعظم ہاﺅس میں ملاقات کی۔
وزیراعظم نے نئے تعینات ہونے والے ترک سفیر نذیراوعلو کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لئے ترکیہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تاریخی، دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے جموں و کشمیر پر ترکیہ کی پاکستان کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان بھی بنیادی مفادات کے حوالے سے ترکیہ کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔
ملاقات میں علاقائی صورتحال بالخصوص غزہ اور مشرق وسطی کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم نے صدر رجب طیب اردوان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ترک صدر کو جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان بڑھتے ہوئے دوطرفہ تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا اور تجارت، سرمایہ کاری اور دفاع میں تعاون کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ترکیہ کے سفیر نذیراوعلو نے پرتپاک استقبال پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے درمیان دوستی کے مضبوط اور تاریخی رشتوں کو مزید مستحکم بنانے کے لئے اپنے مکمل عزم اور حمایت کا یقین دلایا۔