اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ اقبال کے فلسفے کے مطابق ہمیں ملکر ہر چیلنج کا مقابلہ کرنا چاہیے، خوشحال ملک بنانے کے لیے ہمیں علامہ اقبال کے فلسفہ خودی پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔علامہ محمد اقبال کے یوم پیدائش پر پیغام جاری کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ علامہ اقبال نے برصغیر پاک و ہند کے مسلمانوں کیلئے علیحدہ وطن کا تصور پیش کیا اور قائد اعظم نے یہ خواب حقیقت میں بدلا، اقبال نے شاعری کے ذریعے مسلمانوں میں اتحاد، خودی اور یکجہتی کا جذبہ بیدار کیا۔
محسن نقوی نے کہاکہ کسی اور نے نہیں بلکہ ہمیں اپنی تقدیر خود بنانی ہے اور اسی میں کامیابی ہے، اقبال کے فلسفے کے مطابق ہمیں ہر چیلنج کا مقابلہ بھر پور طریقے سے ملکر کرنا چاہیے، علامہ اقبال نوجوانوں کے لئے ذہنی مصلح اور ایک رہبر کی حیثیت رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو خوشحال ملک بنانے کیلئے ہمیں علامہ اقبال کے فلسفہ خودی پر عمل کرنے کی ضرورت ہے، علامہ اقبال کے فلسفے کو سمجھنے کی جتنی اشد ضرورت آج ہے پہلے کبھی نہ تھی۔
محسن نقوی نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ ہم متحد ہوں، اختلافات ایک طرف رکھیں، ملک کی ترقی کے لیے پرعزم ہو کر کام کریں، آج کے دن ہمیں بحیثیت قوم علامہ اقبال کے افکار کو مشعل راہ بنانے کے عزم کا اعادہ کرنا ہے۔