وزیراعظم

وزیراعظم سے انفارمیشن گروپ کے پروبیشنری افسران کی ملاقات

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہاہے کہ حکومت اور عوام کے درمیان فاصلوں کو ختم کرنے، شفافیت کو یقینی بنانے اور اعتماد کو فروغ دینے میں انفارمیشن گروپ کے افسران کا اہم کردار ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف سے انفارمیشن گروپ کے51ویں کامن ٹریننگ پروگرام کے پروبیشنری افسران نے وزیر اعظم ہاؤس یہاںملاقات کی۔پروبیشنری افسران، اپنی ٹریننگ مکمل ہونے کے بعد وزارت کے مختلف اداروں میں اپنی تعیناتی کے منتظر ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ اور وفاقی سیکرٹری اطلاعات عنبرین جان بھی ملاقات میں موجود تھیں۔ وزیر اعظم نے افسران کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع وزیراعظم نے کہا کہ حکومت اور عوام کے درمیان فاصلوں کو ختم کرنے، شفافیت کو یقینی بنانے اور اعتماد کو فروغ دینے میں انفارمیشن گروپ کے افسران کا اہم کردار ہے۔ وزیر اعظم نے دور حاضر کے تیزی سے تبدیل ہوتے ہوئے میڈیا کے منظر نامے میں مو ثر ابلاغ کی اہمیت پر زور دیا۔

انہوں نے افسران کی حوصلہ افزائی کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ تمام افسران اپنی ذمہ داریوں کو دیانتداری، پیشہ ورانہ مہارت اور عوامی بہبود کیلئے مضبوط عزم کیساتھ ادا کریں گے۔ افسران نے ملک کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود میں اپنا حصہ ڈالنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ افسران کے ساتھ بات چیت کے دوران وزیر اعظم نے قومی یکجہتی کو فروغ دینے اور شہریوں کو اہم حکومتی اقدامات کے بارے میں تعلیم دینے میں سٹیٹ میڈیا اور انفارمیشن گروپ کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے پروبیشنری افسران کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ جمہوری عمل میں عوام کی شمولیت کو بڑھانے کے لیے جدید مواصلاتی آلات کو بروئے کار لانے کے لیے سرگرم رہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں