اشرف بھٹی

حکومت معیشت سے جڑے تمام شعبوں میں اصلاحات کا فریم ورک تیار کرائے ‘ اشرف بھٹی

لاہور( نمائندہ خصوصی)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت میں جتنا بیگاڑ پیدا ہو چکا ہے اس کیلئے سرجری نا گزیر ہوچکی ہے ،حکومت معیشت سے جڑے تمام شعبوں میں اصلاحات کا فریم ورک تیار کرائے جس کیلئے اسٹیک ہولڈرز سمیت مقامی اور غیر ملکی معاشی ماہرین کو ذمہ داری سونپی جائے۔

اپنے بیان میں اشرف بھٹی نے کہا کہ ایف بی آر کے اپنے نظام میں سقم موجود ہے اور یہی وجہ ہے کہ لاکھوں افراد جو ٹیکس دینے کی استطاعت رکھتے ہیں وہ ٹیکس نیٹ میں شامل نہیں ہوتے جبکہ ایف بی آر کا سارا زور پہلے سے ٹیکس دینے والوں پر چلتا ہے ،ٹیکس جمع کرنے کیلئے وفاقی اور صوبائی اداروں میں کوارڈی نیشن ہونی چاہیے ، تمام ڈیٹا کو مرتب کر کے مشترکہ حکمت عملی بنائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سے درخواست ہے کہ ٹیکسز کی شرح اور تعداد کم کی جائے جس سے حکومت کی توقعات سے زیادہ ٹیکس آمدن ہو گی ۔ معیشت کو پائوں پر کھڑا کرنا ہے تو اس کیلئے ایڈ ہاک ازم کی بجائے طویل المدت پالیسیاں ترتیب دینا ہوں گی ۔ٹیکس لیکج کو روکنے کیلئے ایف بی آر کی استعداد بڑھائی جائے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں