تہران(نمائندہ خصوصی)ایران کی طرف سے نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر زور دیا گیا ہے کہ ایران کے خلاف اپنے پہلے دور صدارت میں اختیار کردہ دبائو کی پالیسی کو تبدیل کریں۔ ایران کی طرف سے یہ موقف ایران کے نائب صدر برائے سٹریٹجک امور جواد ظریف کے حوالے سے سامنے آیا جو اس سے قبل ایران کے وزیر خارجہ کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جواد ظریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو لازما یہ ظاہر کرنا پڑے گا کہ وہ ماضی کی غلط پالیسیوں کو اب اختیار نہیں کر رہے ہیں۔جواد ظریف نے مزید کہاکہ ٹرمپ کی ایران کے بارے میں سیاسی اپروچ ایران کو یورینیم کی افزودگی کی سطح بڑھانے کی طرف لے جاتی رہی ہے۔ اس لیے ڈونلڈ ٹرمپ کو یہ ضرور احساس ہونا چاہیے کہ ہماری یورینیم افزودگی کی سطح 3.5 فیصد سے 60 فیصد تک اسی وجہ سے ہوئی ہے۔