پیرس(نمائندہ خصوصی)فرانس کے وزیر خارجہ جین نوئیل یروٹ نے خبر دار کیا ہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے میں تشدد پسند یہودی آبادکاروں کے خلاف یورپی یونین پابندیوں کا نیا مرحلہ جلد شروع کرے گی۔عرب ٹی وی کے مطابق انہوں نے پیرس میں قائم پیس فارم میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم یورپی یونین کی طرف سے ایک مرتبہ پھر ان پابندیوں کا سلسلہ شروع کرنے والے ہیں جو اس سیقبل دو مرتبہ یہودی آبادکاروں کے خلاف عائد کی جا چکی ہیں، اب امکانی طور پر جلد ان پابندیوں کا تیسرا مرحلہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ہم یقین رکھتے ہیں کہ مغربی کنارے میں تشدد پسند یہودی آبادکاروں اور یہودی بستیوں کا مسلسل بسایا جانا غیرقانونی ہے، ان کو روکا جانا اسرائیل کی اپنی سلامتی کے حق میں ضروری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دنیا کی غزہ میں جاری جنگ پر توجہ مرکوز ہے جبکہ مغربی کنارے میں یہودی آبادکار فلسطینیوں کے خلاف تشدد آمیز کارروائیاں بڑھا رہے ہیں، اسی طرح فلسطینیوں کی زمینوں پر قبضے ہو رہے ہیں جس پر اسرائیل کے بعض مغربی اتحادیوں نے بھی تشویش کا اظہار کیا ہے۔