شہبازشریف

موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے بروقت اقدامات نہ کئے گئے تو مستقبل میں بہت نقصان ہوگا،شہبازشریف

باکو(نمائندہ خصوصی ) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے بروقت اقدامات نہ کئے گئے تو مستقبل میں بہت نقصان ہوگا،سیلاب کے باعث پاکستان کو 30 ارب ڈالر سے زائد کا نقصان ہوا ، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے پاکستان کو عالمی برادری کی مدد کی ضرورت ہے۔ان خیالات کااظہار وزیر اعظم نے آذربائیجان کے درالحکومت باکو میں کوپ۔ 29کانفرنس کے دوسرے اور آخری روز اپنے خطاب میں کیا ۔وزیر اعظم نے کہا کہ اقوام متحدہ کی گزشتہ دو ماحولیاتی کانفرنس کاپ 27 اور 28 کے دوران کیے گئے مالیاتی اعلانات پر تاحال عمل نہیں کیا گیا ۔

انہوں نے کہا کہ کوپ 29 کے دوران یہ بات واضح اور واشگاف ہونی چاہیے کہ ہمیں کوپ 27 اور کوپ 28 کے دوران کیے گئے مالیاتی وعدوں کو پورا کرنا ہوگا، اور میں سمجھتا ہوں کہ ان بڑے مالیاتی وعدوں کو عملی شکل دی جانی چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ اس کانفرنس کا مقصد ان تباہ کن واقعات کو سمجھنا ہے جن کا بد قسمتی سے کچھ ممالک پہلے ہی سامنا کرچکے جب کہ اگر ہم نے اقدامات نہ کیے تو کچھ ملک ان کا سامنا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ سربراہی اجلاس کے انعقاد پر میزبان صدر کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، پاکستان نے 2022 میں تباہ کن سیلاب کا سامنا کیا، موسمیاتی تبدیلی سے پاکستان کو شدید نقصان ہوا، بیشتر ممالک کو ماحولیاتی تبدیلیوں کا سامنا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ لاکھوں افراد بے گھر ہوئے، کھری فصلیں تباہ ہوگئیں، سیلاب کے باعث اسکولوں کی عمارتیں گرگئیں، سیلاب کے باعث پاکستان کو 30ارب ڈالر سے زائد کا نقصان ہوا۔وزیراعظم نے کہا کہ بروقت انتظامات نہیں کیے گئے تو آنے والے وقت میں نقصان ہوگا۔ ، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے پاکستان کو عالمی برادری کی مدد کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے 10 ممالک میں شامل ہے، دنیا نے موسمیاتی تبدیلی سے ہونے والے نقصانات پر پاکستان کی امداد کے وعدے کئے، کاپ 28 میں کئے گئے وعدوں پر عملدرآمد ہونا چاہیے۔وزیراعظم نے کہا کہ ہم نہیں چاہتے کہ پاکستان کی طرح دیگر ممالک بھی تباہ کن سیلاب جیسی صورتحال کا سامنا کریں، پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے اقدامات کر رہا ہے، ہم نیشنل کاربن مارکیٹ فریم ورک پر کام کر رہے ہیں، دنیا کو پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک کی مدد کرنا ہوگی۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان متبادل توانائی کے ذرائع میں سرمایہ کاری کا خواہاں ہے، محفوظ مستقبل کیلئے ماحولیاتی تحفظ پر ہنگامی بنیادوں پر کام کرنا ہوگا،موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے کاپ 29 ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا، اگر ہم نے بروقت اقدامات نہ کئے تو آنے والی نسلیں ہمیں معاف نہیں کریں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں