اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)پی ٹی آئی رہنما زرتاج گل نے کہا ہے کہ مریم نواز کا رویہ انتہائی تشویش ناک ہے وہ 13 کروڑ شہریوں کو چھوڑ کر چلی گئیں۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مریم نواز اور پنجاب حکومت کو اسموگ پر پہلے سے جو اقدامات کرنے تھے وہ نہ کیے، وزیرِ اعلی پنجاب 13 کروڑ شہریوں کو چھوڑ کر بیرون ملک چلی گئیں۔
زرتاج گل نے کہا کہ وزیرِ ماحولیات بھی ساتھ لے گئیں، لاہور سے روجھان تک پنجاب بند ہو رہا ہے اور حکمراں دنیا کے پر فضا مقامات کی سیر کر رہے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا ہے کہ عوام کی فکر نہیں جو اس اسموگ اور برے ماحول میں جی رہے ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ فصلوں کو جلانے سے روکنے کے اقدامات اور ماحولیات کو بچانے پر کام نہیں ہوا، انتظامیہ کو صرف پی ٹی آئی کے خلاف پرچوں پر لگا دیا گیا ہے۔