احسن اقبال

پاکستان میں اسموگ سے ڈھائی لاکھ قبل ازوقت اموات کا خطرہ ہے،احسن اقبال

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے خبردار کیا ہے اسموگ سے قبل ازوقت ڈھائی لاکھ اموات کا خطرہ ہے، تمام وسائل جھونک کر اسموگ کی آفت کو ٹالنا ہوگا۔ وفاقی وزیر احسن اقبال کی زیرصدارت جڑواں شہروں میں اسموگ سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں اسلام آباد اور راولپنڈی کو اسموگ سے بچانے کے لیے پالیسیوں اور اقدامات پر غور کیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اسموگ ہمارے طرز عمل کا نتیجہ ہے، اسے ایمرجنسی کے طور پر لینا ہوگا اور تمام اداروں کو مشترکہ اقدامات کرنے ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام وسائل جھونک کر اسموگ کی آفت کو ٹالنا ہوگا، ورنہ ہمارے مستقبل کی ترقی اور قومی صحت خطرے میں پڑ جائے گی۔وزیر منصوبہ بندی نے خبردار کیا اسموگ سے ڈھائی لاکھ قبل ازوقت اموات اور تقریبا نو فیصد جی ڈی پی متاثر ہو سکتی ہے، یہ سب ہماری لاپرواہی کا کیا دھرا ہے، پڑوسی ملک کا کردار صرف تیس فیصد ہے۔انھوں نے کہا کہ اسموگ ایک بہت بڑی انسانی اور معاشی ایمرجنسی ہے، اسموگ ایمرجنسی ہمارے طرز زندگی اور غیرذمہ داری کی وجہ سے ہے، اس سے نمٹنے کیلئے ہنگامی طور پر اقدامات کی ضرورت ہے۔وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ سرحدی آلودگی، گاڑیوں کا دھواں، فصلوں کا جلانا اور شہری ترقی اسموگ کے اسباب ہیں، اسموگ نے صحت اور زندگی کے معمولات پر منفی اثرات ڈالے ہیں، بر وقت اقدامات نہ کیے تو مستقبل میں سنگین نتائج کا سامنا ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں