کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ

جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے نیا ریکارڈ قائم کرلیا

جدہ(نمائندہ خصوصی) سعودی عرب میں جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ائیرپورٹ نے ایک دن میں مسافروں کی تعداد کا نیا ریکارڈ قائم کرلیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایک دن میں ایک لاکھ 61 ہزار سے زائد مسافروں کی آمد ورفت ریکارڈ کی گئی۔817 پروازوں کے ذریعے آنے جانے والے مسافروں کے ایک لاکھ 32 ہزار سے زائد بیگ ہینڈل کیے گئے، کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے مقدس شہروں کا سفر کرنے والے زائرین کے لیے ایک اہم داخلی مقام ہے۔دوسری جانب سعودی عرب میں وزیر برائے سرمایہ کاری خالد الفالح نے کہا ہے کہ مملکت میں آئندہ سال سے چار ایئرپورٹس کا انتظام نجی شعبے کے تحت چلایا جائے گا۔ریاض میں عالمی لاجسٹک فورم سے خطاب میں خالد الفالح نے کہا کہ مملکت میں چار ہوائی اڈے نجی شعبے کے انتظام کے لیے اگلے سال دستیاب ہوں گے، سعودی عرب علاقائی سپلائی چینز اور گرین اینرجی پیدا کرنے والے سب سے بڑے ممالک میں شامل ہو جائے گا۔

سعودی وزیر نے کہا کہ مشرق و مغرب اور شمال اور جنوب کے سنگم پر واقع ہونے کی وجہ سے سعودی عرب لاجسٹک سپلائی چین کے مراکز قائم کرے گا۔انھوں نے کہا کہ مصر اور ہمارے ملک کے درمیان بحری مواصلات میں تیزی سے اضافہ ہوا جبکہ متحدہ عرب امارات اور عمان بھی ہمارے ساتھ ہیں، خلیجی ممالک میں ریلوے نیٹ ورک کی تشکیل وقت کی ضرورت ہے۔خالد الفالح نے کہا کہ خلیجی ریلوے نیٹ ورک پہلے سے موجود 30 بندرگاہوں میں اضافہ کرے گا، جو کہ 80 فیصد نقل و حمل کا ذریعہ ہیں۔

عالمی لاجسٹکس فورم کا آغاز کل ریاض میں ہوا تھا، فورم کے شرکا کو لاجسٹک سیکٹر کی ترقی اور اسے برقرار رکھنے کے حوالے سے تعاون کے طریقوں پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے فیصلہ سازوں کے ساتھ بات چیت کرنے کا بھی موقع ملے گا۔ورلڈ لاجسٹک فورم 2024 ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جو عالمی لاجسٹک خدمات کے مستقبل کے نقشے کو دوبارہ ترتیب دینے کے لیے کام کررہاہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں