اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بابا گورو نانک دیو جی کے جنم دن پر سکھ برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ بابا گورونانک نے انسانیت سے پیار، مساوات اور ہمدردی کے پیغام کو عام کیا، بابا گورونانک مذہبی رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کی بہترین مثال تھے۔ جمعہ کو اپنے بیان میں وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ بابا گورونانک کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کیلئے دنیا بھر سے آئے سکھ یاتریوں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ برطانیہ، امریکہ اور کینیڈا کے پاسپورٹ رکھنے والی سکھ برادری کے لئے آن لائن فری ویزا کی سہولت دی گئی ہے، پوری کوشش ہے کہ سکھ برادری کے لیے مزید آسانیاں پیدا کی جائیں۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے واضح کیا کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے لئے بھی سکھ برادری کے لیے خصوصی کوٹہ مختص کریں گے۔ انہوں نیکہا کہ چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے لئے سکھ برادری کو پاکستان دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سکھ برادری کو مذہبی رسومات کی ادائیگی کیلئے ہرطرح کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان میں تمام اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ ہمارا فرض ہے۔
٭٭٭٭٭