عطا تارڑ

عمران خان ،حواریوں نے ہر قدم ملک کو نقصان پہنچانے کیلئے اٹھایا’ عطاء اللہ تارڑ

لاہور (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنمائوں کو 9مئی کے حملوں میں ملوث قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان اور ان کے حواریوں نے ہر قدم ملک کو نقصان پہنچانے کے لیے اٹھایا، ایک جماعت نے منظم سازش کے ذریعے 9مئی کے حملے کیے، ان حملوں کے ناقابل تردید شواہد اور ویڈیوز موجود ہیں لہٰذا میرا مطالبہ ہے کہ ان مقدمات کا جلد از جلد فیصلہ کیا جائے تاکہ آئندہ کوئی ایسی مکروہ حرکت نہ کر سکے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے پریس کانفرنس کے دوران 9مئی کو فوجی تنصیبات پر حملوں کی نئی سی سی ٹی وی فوٹیجز جاری کردیں۔وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے کہا کہ 9مئی کے حملوں کے حوالے سے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں، تحریک انتشار کے لوگ اور بانی چیئرمین پی ٹی آئی رٹ لگاتے رہے کہ ہمارے لوگ نہیں تھے، ایک جماعت نے منظم سازش کے ذریعے 9مئی کے حملے کئے، تحریک انتشار کے سرکردہ رہنما 9مئی کے حملوں میں ملوث تھے، پی ٹی آئی عہدیداروں کو 9مئی کے لئے ہدایات دی گئیں، پی ٹی آئی نے حساس تنصیبات پر حملے کئے، شہداکی یادگاریں مسمار کیں، 9 مئی کے حوالے سے پی ٹی آئی رہنمائوں کی ویڈیوز موجود ہیں، لاہور، گوجرانوالہ، راولپنڈی، پشاور کی سی سی ٹی وی فوٹیجز موجود ہیں، سی سی ٹی وی فوٹیجز سے صاف ظاہر ہے کہ 9مئی کے سانحہ میں پی ٹی آئی کے لوگ ملوث تھے۔

انہوں نے کہا کہ انتشار اور فساد پی ٹی آئی کا وطیرہ ہے، لوٹ مار کرنا، چوری چکاری کرنا پی ٹی آئی کا منشور ہے، سی سی ٹی وی فوٹیجز میں پی ٹی آئی کے لوگوں کو توڑ پھوڑ کرتے دیکھا جا سکتا ہے، یہ چیخ چیخ کر کہہ رہے تھے کہ سی سی ٹی وی فوٹیجز اور شواہد سامنے لائو ،تمام شواہد آپ کے سامنے ہیں، کیا بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور ان کے حواری قوم سے معافی مانگیں گے؟ ۔قومی تشخص اور دفاعی تنصیبات کو جو نقصان پہنچایا گیا، کیا یہ اس کا خمیازہ بھگتنے کو تیار ہیں؟ ۔میرا مطالبہ ہے کہ 9مئی کے مقدمات کا جلد از جلد فیصلہ کیا جائے تاکہ آئندہ کوئی ایسی مکروہ حرکت نہ کر سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں