کراچی (نمائندہ خصوصی)ڈپٹی کمشنر کیماڑی کے دفتر پر پتھرائو اور پولیس حملے کے بنائے گئے کیسز میں پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ، خرم شیر زمان، راجا اظہر، داوا خان، شبیر قریشی سمیت دیگر ہنما انسداد دہشتگردی کی عدالت کلفٹن میں پیش ہوئے دیگر رہنمائوں کی عدم موجودگی کی وجہ سے عدالت نے کیس کی سماعت 17 دسمبر تک ملتوی کر دی۔پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہم دہشتگرد نہیں فارم 45 کے مطابق اراکین اسمبلی ہیں ہماری پوری لیڈرشپ کو دہشتگرد بنا کر عدالتوں میں پیش کیا جاتا ہے۔
انشا اللہ پوری قوم تیار ہے ہر صورت میں 24 نومبر عمران خان کی کال پر نکلیں گے اور ملک میں جاری فسطائیت سے عوام کو نجات دلوائیں گے، انہوں نے کہا عمران خان کو باہر نکالنا ہے، چوری شدہ مینڈیٹ واپس لینا ہے، قوم کو حقیقی آزادی دلوانی، ہے کھویا ہوا مینڈیٹ واپس لینا ہے، 26 ویں آئینی ترمیم ختم کرانی ہے، غلامی سے آزادی لینی ہے تو24 نومبر کو عوام کو نکلنا ہوگا ہم سندھ بھر سے عوام کے ساتھ نکلیں گے اور اسلام آباد لانگ مارچ میں شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا ہماری بھرپور تیاریاں ہیں کراچی والوں نے ہمیشہ بھرپور ساتھ دیا ہے کراچی ٹیکس دیتا ہے تو پورا صوبا چلتا ہے اور پاکستان چلتا ہے اس مرتبہ کراچی سے بڑی تعداد میں عوام اسلام آباد پہنچے گی۔حلیم عادل شیخ نے کہا ظلم، جبر، بربریت کی رات طویل ہوچکی ہے، عوام کے طاقت سے یہ اندھیری رات ختم ہونے والی ہے، جس لیڈر کو پوری دنیا چاہتی ہے ہمارے ملک نے اسے لیڈر کو قید کر رکھا ہے انہوں نے کہا عمران خان پر تمام کیسز جھوٹے اور من گھڑت ہیں اگر فیئر ٹرائل ہونے دیا جاتا تو یہ لوگ عمران خان کو ایک دن بھی جیل میں نہیں رکھ سکتے ملک میں جمہوریت کے نام پر مارشل لا چل رہی ہے، آئین و قانون کی پاسداری ختم ہوچکی ہے۔
حلیم عادل شیخ نے کہا 24 نومبر کو عمران خان کی کال پر پوری قوم نکلے گی، ہمیں اپنے حقوق کے لئے احتجاج کے ذریعے ایک قوم ہونیکا ثبوت دینا ہے چور سیاستدانوں کے ہاتھوں ملک کو مزید لٹنے نہیں دے سکتے۔پی ٹی آئی کراچی کے صدر راجا اظہر نے کہاخان صاحب نے 24 نومبر کو لانگ مارچ کی کال دی ہے انشا اللہ کراچی سے عمران خان کی کال پر بھرپور طریقے سے نکلیں گے اور اسلام آباد پہنچے گی۔پی ٹی آئی مرکزی رہنما خرم شیر زمان نے کہا یہ لڑائی صرف پی ٹی آئی کی نہیں ہے یہ لڑائی پوری قوم کی ہے سب نے نکلنا ہے پورے پاکستان سے شہریوں نے پر امن طریقے سے نکلنا ہے سب سے زیادہ زمہ داری اسلام آباد والوں کی کی ہے جس طرح الیکشن کے دن عوام نکلی تھی 24 نومبر کے دن بھی اسی طرح نکلے اور عوام کے حقوق کی جنگ میں شامل ہو۔ انہوں نے کہا عمران خان کو جھوٹے کیسز میں بند کیا گیا ہے سب نے نکلنا ہے اور عمران خان کو رہا کروانا ہے۔
پی ٹی آئی سندھ کے رہنما داوا خان نے کہا یہ حقیقی آزادی کی جنگ صرف تحریک انصاف کی نہیں ہے ساری قوم نے 24 نومبر کو نکلنا ہے، ملک کو اس مافیاز کے چنگل سے نکالنا ہے۔سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر شبیر قریشی نے کہا 24 نومبر کو عمران خان نے کال دی ہے سندھ سے حلیم عادل شیخ کی قیادت میں بڑی تعداد میں عوام شرکت کرے گی کراچی سے لیکر کشمور تک عوام نکلے گی اور اسلام آباد پہنچے گی، ہم زیادہ سے زیادہ اسلام آباد پہنچیں گے اور خان کو رہا کروائیں گے، ہم اس احتجاج کے ذریعے 26 ویں ترمیم کے عذاب سے قوم کو نجات دلوائیں گے۔
٭٭٭٭٭