محسن نقوی

پاک فوج کے جوان قوم کے ہیرو ، قوم شہدا اور ان کے باحوصلہ خاندانوں کی ہمیشہ احسان مند رہے گی،محسن نقو ی

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاک فوج کے جوان قوم کے ہیرو ہیں، قوم شہدا اور ان کے باحوصلہ خاندانوں کی ہمیشہ احسان مند رہے گی،شہدا کے خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہمیشہ ساتھ نبھائیں گے۔جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ نے قلات میں چیک پوسٹ پر حملے ناکام بنانے کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے سکیورٹی فورسز کے 7 جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ وطن کے بہادر سپوتوں نے اپنی جانوں کی قربانی دے کر دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا ، جری جوانوں نے جان پر کھیل کر 6 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا۔انہوں نے کہا کہ وطن کے امن کی خاطر جانیں نچھاور کرنے والے پاک فوج کے جوان قوم کے ہیرو ہیں، سکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں کی عظیم قربانیاں تاقیامت یاد رکھی جائیں گی۔

وزیرداخلہ کاکہنا تھا کہ قوم شہدا اور ان کے باحوصلہ خاندانوں کی ہمیشہ احسان مند رہے گی، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی بے مثال قربانیوں کی کوئی نظیر نہیں ملتی، شہدا کے خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہمیشہ ساتھ نبھائیں گے۔واضح رہے کہ بلوچستان کے ضلع قلات میں سکیورٹی فورسز کی چوکی پر ہونے والے حملے میں 7 اہلکار شہید جبکہ جوابی کارروائی میں 6 دہشت گردمارے گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں