اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)بڑے نان فائلرز اور قابل ٹیکس آمدن کم ظاہر کرنے والے لاکھوں افراد ایف بی آر کے ریڈار پر آگئے۔ذرائع ایف بی آر کے مطابق ملک میں ٹیکس چوروں کے خلاف کارروائی کیلئے ہوم ورک جاری ہے اور بڑے نان فائلرز اور قابل ٹیکس آمدن کم ظاہر کرنے والے لاکھوں افراد ریڈار پر ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ نان فائلرز اور کم ٹیکس دینے والوں کا ڈیٹا فیلڈ فارمیشنز کیساتھ شیئر کیا جائیگا اور چیئرمین ایف بی آر کی منظوری سے ٹیکس نادہنگان کو نوٹسز جاری کیے جائیں گے۔
اس حوالے سے قیمتی پراپرٹی، گاڑیوں، بینک بیلنس اور کریڈٹ کارڈز کے استعمال کی بنیاد پرڈیٹا جمع کیا جا رہا ہے جبکہ بیرون ملک سفر، صحت اور تعلیم کی مہنگی سہولیات کے استعمال کا ڈیٹا بھی اکھٹا کیا جا رہا ہے۔اس سال 20 لاکھ سے زیادہ افراد نے گوشواروں میں قابل ٹیکس آمدن صفر ظاہر کی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ ٹیکس چوروں کیساتھ ساتھ ان کے سہولت کاروں کیخلاف بھی کارروائی ہوگی۔وزیراعظم ٹیکس نادہندگان کیخلاف ایکشن تیز کرنے کی پہلے ہی ہدایت کر چکے ہیں۔