راولپنڈی(نمائندہ خصوصی)بانی پی ٹی آئی عمران خان نے مذاکرات میں بات آگے نہ بڑھنے کی صورت میں ہر صورت احتجاج کا اعلان کیا ہے۔اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری نے بتایا کہ عمران خان نے کہا ہے کہ اگر (کل) جمعرات تک مذاکرات کے حوالے سے بات آگے بڑھتی ہے تو ٹھیک ہے ورنہ ہمارا احتجاج ضرور ہوگا کیونکہ ہمارے پاس احتجاج کے علاوہ کوئی راستہ نہیں چھوڑا گیا۔
فیصل چوہدری کے مطابق عمران خان نے کہا ہے کہ 9 مئی کے بعد میں نے دوسری دفعہ احتجاج کی کال دی ہے، کوئی ڈیل نہیں ہورہی، مذاکرات ہمارے مطالبات پر ہونگے اور مذاکرات ان ہی سے ہونگے جن کے پاس اصل طاقت ہے، تالی دونوں ہاتھوں سے بجتی ہے، کل تک مذاکرات آگے بڑھے تو احتجاج نہیں جشن ہوگا۔بانی پی ٹی آئی کے وکیل کے مطابق عمران خان نے کہا ہے کہ میں نے ہمیشہ پر امن احتجاج کی کال دی ہے، ہمیں جلسے نہیں کرنے دئیے جاتے جبکہ احتجاج پر ایک ارب روپے کے اخراجات کی خبریں بے بنیاد ہیں۔