لاہور(نمائندہ خصوصی)اسموگ میں بہتر ی اور ائیر کوالٹی انڈیکس کم ہونے کے بعد لاہور اور ملتان میں بھی تعلیمی ادارے کھول دئیے گئے ۔ تعلیمی اداروں کے سٹاف اور طلبہ کے لیے ماسک پہننا لازم قراردیا گیا ہے،آئوٹ ڈورگیمز اورغیرنصابی سرگرمیوں پر پابندی عائد ہے۔دوسری جانب شہر میں اسموگ ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پرضلعی انتظامیہ کی کاروائیاں جاری ہیں، چھتیس دکانیں سیل،سینتالیس گاڑیوں کو بندکردیا گیا،مارکیٹس کو آٹھ بجے بند کروانے کے حکم پر عملدرآمد کیلئے ضلعی انتظامیہ نے رات گئے تک ایکشن جاری رہا۔
چھتیس دکانیں اوقاتِ کار کی خلاف ورزی پر سیل کر دی گئیں۔دھواں چھوڑنیوالی سینتالیس گاڑیاں مختلف تھانوں میں بندکروائی گئیں،فضائی آلودگی کا باعث بننے والی ایک سوستائیس گاڑیوں کے چالان کیے گئے،دھواں چھوڑنے اوربغیرفٹنس چلنے والی گاڑیوں کو پانچ لاکھ سے زائد کے جرمانے کیے گئے۔پنجاب میں آلودگی سے متاثرہ آبادی میں تیس فیصد بچے شامل ہونے کا انکشاف ہوا ہے،گزشتہ تیس روز کے دوران چھ لاکھ پچاس ہزار سے زائد بچے زہریلی فضا سے متاثر ہوئے۔