محسن نقوی

سوشل میڈیا پر بے بنیاد اور گمراہ کن افواہیں پھیلانے اور پراپیگنڈا کرنےوالوں کے خلاف مشترکہ اقدامات کی ضرورت ہے، محسن نقوی

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ کہ سوشل میڈیا پر بے بنیاد اور گمراہ کن افواہیں پھیلانے اور پراپیگنڈا کرنے والوں کے خلاف مشترکہ اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے، پاکستان میں اقلیتوں کو تمام تر حقوق حاصل ہیں، اقلیتی برادریوں کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے برطانوی وزیر خارجہ برائے پاکستان و افغانستان ہمیش فالکنر نے ملاقات کی۔

اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاک برطانیہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لئے مشترکہ اقدامات پر بھی گفتگو ہوئی، وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے برطانیہ کے نائب وزیر خارجہ ہمیش فالکنر کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے پاک برطانیہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا، ملاقات میں پاکستان اور برطانیہ کے درمیان وسیع تر دوطرفہ و علاقائی امور پر مضبوط ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا گیا۔پاکستان میں برطانیہ کی ہائی کمشنر جین میریٹ اور برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل بھی ملاقات میں موجود تھے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ برطانیہ پاکستان کا مضبوط اور بہترین دوست ملک ہے، وقت آگیا ہے باہمی تعاون کو پائیدار اقتصادی پارٹنر شپ میں تبدیل کیا جائے، آپ کے دورہ پاکستان سے دوطرفہ تعلقات میں مزید گرم جوشی آئے گی۔محسن نقوی نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا پر بے بنیاد اور گمراہ کن افواہیں پھیلانے اور پراپیگنڈا کرنے والوں کے خلاف مشترکہ اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے، پاکستان میں اقلیتوں کو تمام تر حقوق حاصل ہیں، اقلیتی برادریوں کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں