لاہور( نمائندہ خصوصی)نامور گلوکار عارف لوہار نے کہا ہے کہ صوفیانہ کلام دلوں پر گہرا اثر چھوڑتا ہے اور اس کی بنیادی وجہ اس کی سچائی ہے ،صوفیانہ کلام میں خلق خدا کو فائدہ دینے اور رہنمائی کی بات کی جاتی ہے اور جو لوگ ا س کو سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں وہ درست راستے پر گامزن ہو جاتے ہیں۔
ایک انٹر ویو میں عارف لوہار نے کہا کہ آپ بزرگان دین کی تعلیمات کو پڑھ لیں اس میں انہوں نے صرف دوسروں کی بہتری ،بھلائی اور رہنمائی کی بات کی ہو گی ، ان کی تعلیمات میں کہیں بھی اپنی ذات کے نفع کی بات نہیں ہو گی ۔انہوں نے کہا کہ میرا یہ یقین ہے کہ سچائی کی وجہ سے صوفیانہ کلام سننے والوں کے دلوں پر دستک دے کر خود ہی راستے بنا لیتا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماں بولی زبان پنجابی کا فروغ میرا جنون ہے اور میری کوشش ہوتی ہے کہ پنجابی زبان کو زیادہ سے زیادہ پھیلائو ں اور اس میں بڑی حد تک کامیاب بھی رہاہوں ۔