گرم کپڑوں

موسم کے رنگ بدلتے ہی گرم کپڑوں اور جوتوں کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کرنے لگیں

فیصل آباد (نمائندہ خصوصی)موسم کے رنگ بدلتے ہی گرم کپڑوں اور جوتوں کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کرنے لگیں۔بازاروں میں خریداروں کارش،گرم کپڑوں اور جوتوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے سے سفید پوش اور غریب طبقہ بھاو پوچھنے تک محدود ہوکر رہ گیا۔

تفصیلات کے مطابق فیصل آباد سمیت ملک بھرمیں موسم تبدیل ہوتے ہی گرم کپڑوں اور جوتوں کی مانگ میں اضافہ ہونے سے بازاروں میں خریداروں کے رش میں دن بدن اضافہ ہوتا نظر آرہا ہے۔بہتی گنگا میں ہاتھ دھونے کیلئے دوکانداروں نے بھی گرم کپڑوں اور جوتوں کی قیمتوں میں100سی200فیصد اضافہ کر کے مہنگائی کا طوفان برپا کررکھا ہے سروے کے دوران شہریوں نے بتایا کہ موسم سرما کا آغاز ہوتے ہی شہر کے دوکانداروں نے گرم کپڑے اور جوتوں کی قیمتوں میں من مانا اضافہ کر کے خریداروں کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنا شروع کررکھا ہے،

غریب طبقے کیلئے خریداری کرنا کسی صورت بھی آسان دکھائی نہیں دیتا دوکاندار صارفین کی مجبوری کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے لوٹ مار کا بازار گرم کیے ہوئے ہیں اور کپڑے اور جوتوں کے من پسند نرخ وصول کررہے ہیں۔شہری تنظیموں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اپنی جیبیں بھرنے کیلئے مصنوعی مہنگائی کرنے والے دوکانداروں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لاتے ہوئے شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں