طلال چوہدری

یہ جو مرضی کرلیں این آر او نہیں ملے گا،نہیں ملے گا،نہیں ملے گا، طلال چودھری

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)مسلم لیگ ن کے رہنما سینیٹر طلال چودھری نے کہا ہے کہ یہ جو مرضی کرلیں این آر او نہیں ملے گا،نہیں ملے گا،نہیں ملے گا، ریاست سے لڑنا ناممکن ہے، ریاست نے ان کی ہر کال کو ناکام بناکر دکھایا ہے،حکومت کا مذاکرات کا صرف ایک مقصد ہے کہ کوئی اور لاش نہ گرے۔ اپنے ایک بیان میں طلال چوہدری نے پاکستان تحریک انصاف پرتنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ افسوس ہی ہوتا ہے کہ خیبرپختونخوا کے لوگوں نے کن کو ووٹ دیدیا، بغاوت کا اعلان چاہے جو بھی کرے کامیاب نہیں ہونے دی جاسکتی۔

انہوں نے کہا کہ اہم ترین دوست ملک وفد سمیت سرمایہ کاری کیلئے آیا ہوا ہے، بیلاروس ملین ڈالرز پاکستان میں لگانا چاہتا ہے، چین،سعودی عرب اوردوسرے وفود پاکستان آئے ہوں تو یہ یلغار کرتے ہیں، ریاست سے لڑنا ناممکن ہے، ریاست نے ان کی ہر کال کو ناکام بناکر دکھایا ہے۔طلال چودھری کاکہنا تھا کہ جتھے چند ہزار لوگوں سمیت کسی کو بھی رہا کرالیں یہ روایت نہیں ڈالی جاسکتی، بانی پی ٹی آئی اوران کی پارٹی کی اب وہ اہمیت نہیں رہی، بانی پی ٹی آئی اپنی ذات نہیں پاکستان کا مفاد سامنے رکھیں، یہ جو مرضی کرلیں این آر او نہیں ملے گا،نہیں ملے گا،نہیں ملے گا۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ حکومت ان کا مقصد پورا نہیں ہونے دے گی، یہ لاشیں چاہتے ہیں، ان کی تمام ڈیڈ لائنز ناکام ہوئی ہیں، پی ٹی آئی کی آخری کال بھی ناکام ہوئی، تین صوبے بالکل خاموش ہیں ،پتہ ہی نہیں کہ کوئی احتجاج ہورہا ہے، ایک صوبہ تمام سرکاری وسائل کے ساتھ لشکر کشی کررہا ہے، حکومت چاہتی ہے مزید لاشیں نہ گریں۔ طلال چوہدری کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کرم کے معاملے پر گورنر خیبر پختون خوا سے رابطے میں ہے، اس معاملے پر پہلا فرض صوبائی حکومت کا ہے۔ لیگی رہنما نے کہا کہ ملک کے مسائل پر پی ٹی آئی کی بے حسی ماضی میں بھی اسی طرح تھی، بانءپی ٹی آئی اپنی انا کو قومی مفادات سے بڑا سمجھتے ہیں۔ان کا مزید کہنا ہے کہ بغاوت کامیاب نہیں ہونے دی جا سکتی، احتجاج کا اعلان ہمیشہ اسی وقت ہوتا ہے جب کوئی دوست ملک پاکستان آیا ہوتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں