مظاہرین

مظاہرین کی اموات کی خبر جھوٹی اور من گھڑت ہے،سیکیورٹی ذرائع

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)سیکیورٹی ذرائع نے اسلام آباد میں ہونےوالے احتجاج کے دوران مظاہرین کی اموات کی خبر جھوٹی اور من گھڑت قرار دےدیا۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر چند لوگوں کی جانب سے احتجاج کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں کی شیلنگ سے کئی مظاہرین کی اموات کا پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع نے کہا کہ مظاہرین کی اموات کی خبر جھوٹی اور من گھڑت ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اپنی ناکامیوں اور کوتاہیوں کو چھپانے کے لیے من گھڑت اور جھوٹا پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ رات پولیس اور رینجرز آپریشن میں کسی قسم کے آتشیں اسلحے کا استعمال نہیں کیا گیا۔دوسری جانب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کی فہرست سامنے آ گئی ۔پولی کلینک اسپتال کے حکام کے مطابق پولی کلینک میں 2 لاشیں اور 26 زخمی لائے گئے ہیں۔

حکام کے مطابق پولی کلینک لائے گئے تمام افراد کو گولیاں لگی ہیں، زخمیوں میں سے بیشتر کا تعلق خیبر پختون خوا کے مختلف علاقوں سے ہے۔ واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنماﺅں کی جانب سے پولیس سے جھڑپوں میں پارٹی ورکرز کی ہلاکتوں سے متعلق متضاد بیانات سامنے آئے۔پی ٹی آئی رکن اسمبلی شیر افضل مروت کی جانب سے احتجاج کے دوران 12 ورکرز کی ہلاکت کا بتایا گیا جبکہ پی ٹی آئی ترجمان کی جانب سے 8 ہلاکتوں کا دعوی کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں