لاہور ہائیکورٹ

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی تقرری لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج

لاہور(نمائندہ خصوصی)ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار کی تقرری لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردی گئی۔لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں وفاقی حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے ، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ آئین پاکستان میں ڈپٹی وزیراعظم کا کوئی عہدہ نہیں ہے،

وزیراعظم شہباز شریف نے اسحاق ڈار کو ڈپٹی وزیراعظم مقرر کیا، وزیراعظم نے آئین کے برعکس اسحاق ڈار کو ڈپٹی وزیراعظم مقرر کیا ہے۔درخواست میں کہا گیا کہ ڈپٹی وزیراعظم پاکستان کے وزیراعظم کا نائب تصور کیا جاتا ہے، وزیراعظم کو اراکین قومی اسمبلی ووٹ کے ذریعے منتخب کرتے ہیں، اسحاق ڈار سینیٹر ہونے کی بنا پر ڈپٹی وزیراعظم نہیں بن سکتے۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو غیر آئینی طور پر ڈپٹی وزیراعظم کی مراعات دی گئیں، عدالت سے استدعا ہے کہ سینیٹر اسحاق ڈار کی ڈپٹی وزیراعظم کے عہدے پر تقرری کالعدم قرار دی جائے اور فیصلے تک اسحاق ڈار کو ڈپٹی وزیراعظم کے عہدے پر کام سے روکنے کا حکم دیا جائے۔واضح رہے کہ اپریل 2024 میں وزیر اعظم شہباز شریف نے وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کو نائب وزیرِ اعظم مقرر کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں