لاہور( نمائندہ خصوصی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نوازشریف اور بیلا روس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکونے مری میں ملاقات کی ۔ اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف ، ڈپٹی وزیر اعظم اسحاق ڈار ، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف ، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ ملاقات میں پاکستان اور بیلاروس کے درمیان مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔نواز شریف کی جانب سے بیلا روس کے صدر کے اعزاز میں ذاتی حیثیت مین ظہرانہ دیا گیا جس میں محمد نوازشریف کے اہل خانہ نے بھی شرکت کی ۔مری آمد پر بیلا روس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو نے محمد نوازشریف سے پرتپاک معانقہ کیا ،نوازشریف کو دیکھتے ہی بیلا روس کے صدر نے بانہیں کھول کر گلے لگالیا ۔نوازشریف نے وزیراعظم محمد شہبازشریف ، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار ،وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور دیگر کے ہمراہ انتہائی گرمجوشی سے بیلا روس کے صدر کا استقبال کیا ۔
بیلا روس کے صدر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ طویل عرصے بعد اپنے محترم بھائی سے ملاقات پر بے حد خوش ہوں۔ ملاقات میں بیلا روس کے صدر نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نوازشریف اوروزیراعظم شہبازشریف کے ساتھ ماضی کی خوشگوار یادوں کا تبادلہ کیا ۔ بیلا روس کے صدر نے نواز شریف سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مئی 2015 میں چھانگلہ گلی، مری آیا تھا،آپ اگست 2015 میں بیلا روس تشریف لائے تھے، آپ سے ذاتی تعلق ہے، ناقابل فراموش خوشگوار یادیں وابستہ ہیںآپ سے ہمیشہ بھائی والا احترام ملا، آپ سے ملاقات کی بے حد خوشی ہے۔ نواز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے اپنے دورہ بیلا روس کی یادوں کا ذکر کیا اور کہا کہ ہمارے دور میں بیلاروس سے تعاون میں اضافہ ہوا، دونوں ممالک میں تجارت، سرمایہ کاری اور دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانا چاہیے، ایسے منصوبوں پر کام کیا جاسکتا ہے جس سے دونوں ممالک اور ان کے عوام کو فائدہ مل سکتا ہے۔ ملاقات میں پاکستان اور بیلاروس کے درمیان مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ۔
بیلا روس کے صدر نے زراعت،زرعی مشینری، توانائی سمیت دیگر شعبوں میں بیلاروس کے تعاون کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف کی حکومت اور پنجاب حکومت دونوں کے ساتھ تعاون میں اضافہ چاہتے ہیں۔بیلا روس کے صدر نے صدر مسلم لیگ (ن) نوازشریف، وزیراعظم شہبازشریف اور وزیراعلی پنجاب مریم نواز کو بیلاروس کے دورے کی دعوت دی ۔محمد نواز شریف نے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ہمراہ بیلا روس کے صدر کو الوداع کیا۔