اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے کنٹری ڈائریکٹر ورلڈ بینک ناجے بن حسین نے ملاقات کی۔ ملاقات میں سموگ کے مسئلہ پر باہمی تعاون سے قابو پانے پر اتفاق کیا گیا اور اس ضمن میں ورلڈ بینک اور سی ڈی اے کی مشترکہ ٹیم انسداد سموگ پلان تیار کرے گی۔
ملاقات میں پاکستان میں پائیدار ترقی کے اہداف اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی گئی، الیکٹرک بسوں، صاف پانی، نکاس آب اور کچی آبادیوں کی ترقی کیلئے معاونت پر بات چیت کی گئی۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ رواں برس ایئر کوالٹی انڈکس 271 تک پہنچا ہے۔ اس سے پہلے کہ صورتحال خطرناک سطح پر پہنچے، ہمیں فوری طور پر جامع انسداد سموگ پلان وضع کرنا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ اسلام آباد کی ائیر کوالٹی کو بہتر بنانے اور محفوظ شہر بنانے میں ورلڈ بینک کے تعاون کا خیر مقدم کریں گے، پوری کوشش ہے کہ سموگ کے مسئلے کا ابھی سے تدارک کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اسلام آباد دنیا کے خوبصورت ترین دارالحکومتوں میں سے ایک ہے اس کے پرفضا ماحول کو برقرار رکھنا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بین الاقوامی معیار کی جائزہ رپورٹ کے ذریعے سموگ کی اصل وجوہات کو سامنے لانا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں اینٹی سموگ مشینوں کی تنصیب کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے، اسلام آباد کے شہریوں اور مہمانوں کو صاف اور صحت مند ماحول دینا بنیادی مقصد ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ورلڈ بینک کے اشتراک کار سے اسلام آباد میں فضائی آلودگی کو کنٹرول کرنے کے خواہاں ہیں۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ شہر کے ماحول کو صاف رکھنے کیلئے الیکٹرک بس سروس کا آغاز کیا گیا ہے، اس میں مزید اضافے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچی آبادیوں اور دیہی علاقوں کی بہتری بھی ہماری ترجیحات میں شامل ہے، شہریوں کو صاف پانی اور سینیٹیشن کی فراہمی بھی ہمارے اہداف میں شامل ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ اسلام آباد میں واسا کے ادارے کو اسلام آباد واٹر کے نام سے متعارف کرا رہے ہیں۔ کنٹری ڈائریکٹر ورلڈ بینک نے وزیر داخلہ کو سموگ پر قابو پانے اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں تعاون کی یقین دہانی کرتے ہوئے کہا کہ سی ڈی اے کے ساتھ مشاورت سے انسداد سموگ حکمت عملی وضع کرنے کے لیے تیار ہیں، رپورٹ سے مسئلے کی جڑ تک پہنچنے میں مدد ملے گی۔ وفاقی سیکرٹری داخلہ، چیئرمین سی ڈی اے، ڈپٹی کمشنر اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پرموجود تھے۔