اعصام الحق

اعصام الحق قریشی کا آئی سی سی آئی کا دورہ

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)سابق ٹینس سٹار اور پاکستان ٹینس فیڈریشن (پی ٹی ایف) کے صدر اعصام الحق قریشی نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی ) کا دورہ کیا جہاں صدر ناصر منصور قریشی، سینئر نائب صدر عبدالرحمن صدیقی، نائب صدر ناصر محمود چوہدری اور ایگزیکٹو ممبران نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔اس موقع پر اعصام الحق نے پاکستان میں ٹینس کی ترقی کے لئے اپنے وڑن کا اظہار کیا اور ایک جم کے قیام، پلیئرز ٹینس ہٹ کی تزئین و آرائش، کھلاڑیوں کے لئے گیسٹ رومز کو دوبارہ بنانے اور یوٹیوب پر میچز کی لائیو کوریج کو بڑھانے کے منصوبوں کا خاکہ پیش کیا۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق انہوں نے مستقبل میں قومی سطح پر منعقد کئے جا نے والے ٹورنامنٹس کی تفصیلات پر بھی روشنی ڈالی۔انہوں نے کھیل کے فروغ اور ملک کے عالمی امیج کو بڑھانے کے لئے قومی اور بین الاقوامی ٹورنامنٹس کے انعقاد کے لئے کارپوریٹ سیکٹرکے تعاون کی ضرورت پر بھی زور دیا۔صدر ناصر منصور قریشی نے جسمانی اور ذہنی تندرستی کو برقرار رکھنے میں کھیلوں کے اہم کردار پر روشنی ڈالی اور کہا کہ ایسی سرگرمیوں میں باقاعدگی سے شرکت نہ صرف صحت مند جسم کو فروغ دیتی ہے بلکہ دماغ کو بھی تیز کرتی ہے جس سے کاروباری کارکردگی میں اضافہ ہوتا ہے۔انہوں نے بین الاقوامی سطح پر نمایاں کامیابیوں پر اعصام الحق کی تعریف کی اور اس کھیل کے فروغ میں ان کے خاندان کی نمایاں خدمات کا اعتراف کیا۔ انہوں نے قومی کھیلوں کے ہیروز کو نوجوانوں کے لیے اہم محرک کے طور پر بھی تسلیم کیا۔

آئی سی سی آئی کی جانب سے صدر ناصر قریشی نے اعصام الحق قریشی کو ہونہار کھلاڑیوں کی گرومنگ سمیت ٹینس کے فروغ کے لئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔انہوں نے چیمبر کی جانب سے کھیل کی ترقی کے لئیاور دیگر شعبوں میں بھی مدد کے لئے آمادگی کا اظہار کیا۔اعصام الحق کے ساتھ پی ٹی ایف کے سیکرٹری جنرل کرنل ضیاء الدین طفیل (ر)، سینئر نائب صدر سہیل خواجہ، اور کمپلیکس اینڈ سکیورٹی کے ڈائریکٹر کرنل (ر) گل رحمان بھی موجود تھے۔آئی سی سی آئی کے ایگزیکٹو ممبران شمائلہ صدیقی، ملک محسن خالد، اسحاق سیال، ذوالقرنین عباسی، روحیل انور بٹ، آفتاب گجر، عمر خیام، آئی سی سی آئی کے ممبران نعیم صدیقی، خالد چوہدری، ٹی ڈبلیو اے کے رہنما اسد عزیز، شہزاد شبیر عباسی اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں