حمص(نمائندہ خصوصی)شام کے مسلح دھڑوں نے حمص گورنری کے شمالی دیہی علاقوں کو کنٹرول کرنے کے بعد حمص شہر کی طرف پیش قدمی شروع کردی ۔ دوسری جانب”فورتھ ڈویژن” دارالحکومت دمشق کی حفاظت کے لیے آگے بڑھی ہے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق شام سوشل میڈیا پر پھیلنے والی ویڈیو کلپس میں فورتھ ڈویژن کے ٹینکوں کو دمشق کے دیہی علاقوں میں دیر عطیہ کے علاقے میں پہنچنے کے بعد دکھایا گیا، جو حمص شہر کی طرف جانے والی سڑک پر دارالحکومت سے 88 کلومیٹر شمال میں واقع ہے۔ویڈیو میں ٹینکوں کے گروپ کو شہر کے قلب میں گھومتے ہوئے دکھایا گیا ہے، جس کے ساتھ شام کے صدر بشار الاسد کے بھائی ماہر الاسد کی قیادت میں فورتھ ڈویژن کے ارکان بھی ہیں۔دھڑوں کے حمص کی طرف پیش قدمی کے ساتھ ہی فورتھ ڈویژن کل جمعہ کو منتقل ہوا، کیونکہ اس کا بنیادی مشن دارالحکومت دمشق کی حفاظت کرنا ہے۔ یہ ایک خصوصی تربیت یافتہ اورجدید ہتھیاروں سے لیس یونٹ ہے۔اسے شامی فوج کا سب سے مضبوط اور خطرناک ڈویژن بھی کہا جاتا ہے کیونکہ ماہرین کے مطابق اس پر بہت زیادہ رقم خرچ کی گئی تھی۔