عطا اللہ تارڑ

بانی پی ٹی آئی عمران خان کی سول نافرمانی کی کال مضحکہ خیز ہے، ناکام ہوگی’ عطا اللہ تارڑ

لاہور(نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی سول نافرمانی کی کال مضحکہ خیز ہے، ان کی سول نافرمانی کی کال ناکام ہوگی،سول نافرمانی اور تشدد کی سیاست کو عوام رد کر چکے ہیں ،تم بچپن سے نافرمان ہو ،انہیں پہلے بھی عوام نے رد کیا ،جھوٹا نعرہ لگانے والے دم دبا کر بھاگ گئے تھے، اب اس ملک میں انتشار و فساد نہیں ہوگا قوم فسادیوں کے آگے سیسہ پلائی دیوار بن جائے گی،پاک فوج نہ صرف دہشتگردی کے خاتمے کے لئے اپنی جانیں قربان کررہی ہے بلکہ پوری قوم مل کر اس کو جڑ سے ختم کردے گی، خیبر پختونخواہ میں امن و امان کی مخدوش صورتحال ہے ،نیشنل ایکشن پلان سے امن و عامہ بحال کریں گے،لطیف کھوسہ کہتے ہیں اگر 278لاشیں ہیں تو ان کے گھر سے برآمد کرلیں ، اب وہ بھاگ کیوں رہے ہیں،انہیں جھوٹی ویڈیو کا سہارا نہ لینا پڑتا ،علی امین گنڈا پور کی خیبر پختوانخواہ میں امن و امان پر کوئی توجہ نہیں ۔

ان خیالات کا اظہارا نہوں نے بہار کالونی چرچ گرائونڈ میں کرسمس کی مناسب سے منعقدہ تقریب میں مسیحی برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ میرے اوپر زیادہ لازم ہے، ہم کرسمس کو بھرپور طریقے سے منائیں گے، کرسچن کمیونٹی کی ہر خوشی اور غم میں ساتھ کھڑا ہوں، کرسچن کمیونٹی نے دنیا کے بہترین فائٹر پائلٹ پیدا کیے، تمام کمیونٹیز اس ملک کیلئے کردار ادا کررہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ظلم، تشدد اور نفرت کے خلاف آواز اٹھانی چاہیے، پاکستان اللہ کی بہت بڑی نعمت ہے، ہمیں جو بھی نعمتیں حاصل ہیں وہ اس ملک کی بدولت ہیں، اس ملک میں اب تشدد اور انتشار نہیں ہوسکتا، جہاں بھی تشدد ور انتشار ہوگا ہم سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ ملک ہے تو سیاستیں اور وزارتیں ہیں، ہم نے ملک کے مفاد میں چیزوں کو آگے لے کر چلنا ہے، بیرونی سرمایہ کاری بڑھ رہی ہے، انٹرسٹ ریٹ 15 فیصد اور مہنگائی 4.8 فیصد پر ہے، مہنگائی 2018 کے بعد سب سے کم سطح پر پہنچی ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام نے نافرمانی اور تشدد کی سیاست کو رد کر دیا ہے، جھوٹا بیانیہ بنایا جارہا ہے، لاشوں کی سیاست کی جارہی ہے، پوچھنا چاہتا ہوں بھاگے کیوں؟ کھڑے رہتے، تم بچپن سے ہی نافرمان تھے، تم سول نافرمانی کرو یا جو دل چاہے یہ تمہاری اپنی مرضی ہے۔انہوں نے کہا کہ لوگ مسائل کا حل چاہتے ہیں، لوگ یہ نہیں چاہتے کہ دھرنے شروع کردو، اب تم جو مرضی کرلو اب دال نہیں گلنے والی،تم دم دبا کر بھاگے ہو، لطیف کھوسہ کو اب آرام کرنا چاہیے،ان کی سیاست کی عمر نہیں رہی۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی والے لاشوں کی سیاست کر رہے ہیں، اصل ویڈیو سامنے لے آتے تو جھوٹی غزہ اور فلسطین کی ویڈیوز کا سہارا نہ لینا پڑتا، یہ انتشار چاہتے ہیں جس کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی، دہشتگردی کے خلاف نیشنل ایکشن پلان پر عمل ہو رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوا ہ حکومت صوبے میں امن و امان کے معاملے پر سنجیدہ نہیں،کرم میں لاشیں گریں دیگر معاملات ہوئے، کے پی حکومت کی امن وامان کی طرف توجہ نہیں ہے، یہ جھوٹے بیانیے پر سارا پیسہ لگا رہے ہیں، دہشتگردی کے خلاف جو کچھ ہوسکا وفاقی حکومت کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں