اسلام آباد (نمائندہ خصوصی ) جمعیت علمائے اسلام کے رہنما حافظ حمداللہ نے کہا ہے کہ مدارس بل کے معاملے پر حکومت سیاسی اور اخلاقی طور پر ہار چکی ہے،مدارس بل میں ترمیم قبول نہیں ، حکومت فیصلہ کرے ورنہ دیر ہو جائے گی ۔ اپنے ایک بیان میں سابق سینیٹر حافظ حمداللہ نے کہا کہ مدارس بل کے معاملے پر حکومت سیاسی، اخلاقی، قانونی طور پر ہار چکی ہے، تنظیمات مدارس، جے یو آئی کو مدارس رجسٹریشن بل میں ترمیم قبول نہیں۔
حافظ حمداللہ کا کہنا تھا کہ قانون میں تبدیلی کی گئی تو پھر فیصلہ ایوان نہیں میدان میں ہوگا، مدارس رجسٹریشن بل ایکٹ بن چکا گزٹ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے، جے یو آئی اور تنظیمات مدارس کا حکومت سے یہی مطالبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کی بالادستی کا تقاضا ہے پاس کردہ بل قانون تسلیم کیا جائے، اب گیند حکومت کی کورٹ میں ہے فیصلہ کریں ورنہ دیر ہوجائیگی،پارلیمنٹ کے فیصلے کوئی اور نہ کرے یا حکومت تسلیم کرلے عوام کا راج نہیں۔
جے یو آئی رہنما کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کے فیصلے فیٹف کے حوالے نہ کریں، یا پھر قوم کو بتا دیں کہ ایوان میں فیصلے عوام کے نہیں ، فیٹف کی مرضی سے ہوں گے۔