سرفرازاحمد

محنت کے ساتھ مثبت کرکٹ کھیلیں اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں،سرفرازاحمد

راولپنڈی(نمائندہ خصوصی)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز وکٹ کیپر بیٹر سرفراز احمد نے پاکستانی فزیکل ڈس ایبلٹی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اور آئندہ فزیکل ڈس ایبلٹی ٹی 20 چیمپئنز ٹرافی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔، فزیکل ڈس ایبلٹی ٹی 20 چیمپئنز ٹرافی 12 جنوری ( 2025) سے سری لنکا میں شروع ہو گی، ایونٹ کی تیاری کے لیے فزیکل ڈس ایبلٹی کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ کوچ صبیح اظہر کی زیر نگرانی ایوب پارک کرکٹ گراؤنڈ ، راولپنڈی میں جاری ہے ، پاکستان کے سابق کپتان سرفراز احمد نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے تربیتی کیمپ کا دورہ کیا اور انہیں مفید مشورے دیئے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ محنت کے ساتھ مثبت کرکٹ کھیلیں اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں، میری نیک تمنائیں آپ کے ساتھ ہیں، انہوں نے کہا میں پی ڈی کرکٹ کو کافی عرصہ سے جانتا ہوں اور اس سے قبل بھی قومی پی ڈی ٹیم کے مختلف کیمپوں کے دورے کئے،سرفراز احمد نے کھلاڑیوں کو مشورہ دیا کہ مشکل صورت حال میں نہ گھبرائیں اور اعتماد کے ساتھ کھیلیں، آپ چیمپئنز ٹرافی کا ٹائٹل جیتنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں، سابق کپتان نے جنرل سیکرٹری پی پی ڈی سی اے امیرالدین کی پی ڈی کرکٹ کے لیے خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ واضح رہے کہ پاکستان پی ڈی کرکٹ ٹیم کا دو روزہ کیمپ اختتام پزیر ہو گیا، اس موقع پر رافع ہاشمی، راؤ جاوید اور میڈیا منیجر محمد نظام بھی موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں