آکلینڈ(نمائندہ خصوصی)اسپن بولنگ آل راؤنڈر مچل سینٹنر کو وائٹ بال فارمیٹ میں نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کا کپتان مقرر کردیا گیا۔نیوزی لینڈ کرکٹ کے مطابق 32 سالہ مچل سینٹنر کو باضابطہ طور پر مستقل کپتان بنادیا گیا ہے، وہ کین ولیمسن کی جگہ لیں گے جو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد دستبردار ہو گئے تھے۔مچل سینٹنر 243 انٹرنیشنل میچز میں نیوزی لینڈ کی نمائندگی کرچکے ہیں۔اس سے قبل مچل سینٹنر 24 ٹی ٹوئنٹی اور 4 ون ڈے میچز میں نیوزی لینڈ ٹیم کی قیادت کر چکے ہیں، وہ فْل ٹائم وائٹ بال کپتان کی ذمہ داریاں دورہ سری لنکا میں سنبھالیں گے۔
نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے دسمبر کے آخر میں سری لنکا کا دورہ کرنا ہے۔علاوہ ازیں نیوزی لینڈ کی فروری میں پاکستان میں سہہ فریقی سیریز بھی شیڈول ہے جس کے بعد نیوزی لینڈ ٹیم پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی میں بھی حصہ لے گی۔