پشاور(نمائندہ خصوصی)مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہاہے کہ ایپکس کمیٹی کے فیصلے کی روشنی میں کرم کو اسلحے سے پاک کیا جائے گا۔
پشاور سے جاری بیان میں انہوںنے کہاکہ پائیدار امن کے لیے ضلع میں بنکرز کو گرانے کو یقینی بنایا جائے گا۔مشیرِ اطلاعات خیبر پختون خوا نے کہا ہے کہ ضلع کرم میں راستوں کی بندش کے باعث درپیش عوامی مسائل کا ادراک ہے۔
انہوں نے کہا کہ امن معاہدے کے بعد معمولاتِ زندگی بحال ہو جائیں گے، بنکرز کے گرانے، اسلحہ جمع کرانے کے بعد راستے مکمل طور پر کھول دیے جائیں گے۔بیرسٹر سیف نے کہاکہ حکومت کرم میں پائیدار اور دیرپا امن چاہتی ہے، بعض عناصر وہاں دیرپا امن کے دشمن ہیں۔
انہوںنے یہ بھی کہا کہ کچھ عناصر کرم سے متعلق سوشل میڈیا پر بے بنیاد پروپیگنڈا کر رہے ہیں، صوبائی حکومت کی مخلصانہ کوششوں کو غلط رنگ دے رہے ہیں۔