لاہور(نمائندہ خصوصی)پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ عمران خان اور پی ٹی آئی سیاسی حقیقت ہیں اس لئے جعلی حکمران جتنی جلد ی اس کا ادراک کر لیں گے ان کے اپنے لئے بہتر ہوگا،عمران خان کے بغیر پاکستان کی سیاست آگے نہیں بڑھ سکتی اس لئے نام نہاد جمہوری چمپئن اپنی منفی سوچ کو بدلیں ۔
اپنے بیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے دو ملاقاتیں ہوئی ہیں اور ہم نے دیکھا ہے کہ طویل عرصے سے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرنے کے باوجود عمران خان کا عزم متزلزل نہیں ہوا بلکہ وہ ہمارا حوصلہ بڑھا رہے تھے ۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی صورت میں قوم کو ایسا لیڈر میسر آیا ہے جو حقیقی معنوں میں ان کی تقدیر بدلنے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔ مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ وفاق اور صوبوں میں حکومتیں بنانے کے باوجود مسلم لیگ (ن)اور پیپلز پارٹی کی سیاست حالت نزاع میں ہے ، آئندہ عام انتخابات میں دونوں نے اپنا سیاسی لاشہ کندھوں پر اٹھا یا ہوگا ۔