اشرف بھٹی

وزیر اعلی پنجاب کو تجاوزات کے مستقل خاتمے کے اپنے فیصلے پر کڑا پہرہ دینا ہوگا’اشرف بھٹی

لاہور( نمائندہ خصوصی)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے تجاوزات کو مستقل بنیادوں پر ختم کرنے کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن)کی حکومت اپنے وعدے کے مطابق پارکنگ پلازوں کی تعمیر کیلئے بھی عملی پیشرفت کرے ۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی حکومتوں کی جانب سے تجاوزات کے خاتمے کیلئے کریک ڈائون کئے گئے لیکن سیاسی مداخلت اور رشوت ستانی کی وجہ سے کامیابی ممکن نہ ہو سکی ۔ وزیر اعلی پنجاب مریم نوازشریف کو تجاوزات کو مستقل ختم کرنے کے اپنے فیصلے پر کڑا پہرہ دینا ہوگا ، متعلقہ افسران کو پابند کیا جائے کہ وہ تجاوزات ختم کرنے میں کسی بھی سیاسی سفارش کو خاطر میں نہ لائیں ، اہلکاروں کی جانب سے رشوت لینے کی صورت میں بھی کڑی سزائیں تجویز کی جائیں ۔

انہوں نے کہا کہ انار کلی بازار سمیت دیگر تجارتی مراکز میں تجاوزات کی بھرمار ہے جس کی وجہ سے تاجروں کا کاروبار بری طرح متاثر ہو رہا ہے ، امید ہے کہ تاجر تجاوزات کے خاتمے میں حکومت سے غیر مشروط تعاون کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارکنگ کے لئے بھی جگہ نہ ہونے کی وجہ سے تاجروں اور خریداروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ، پارکنگ پلازوں کی تعمیر کا وعدہ بھی مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں کیا گیا اس لئے ان کی تعمیر کے لئے بھی پیشرفت کی جانی چاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں