ڈھاکہ (نمائندہ خصوصی)پاکستان کے معروف گلوکار راحت فتح علی خان نے ڈھاکہ کے آرمی اسٹیڈیم میں ‘ایکوز آف ریوولوشن’ کنسرٹ میں پرفارم کرکے بنگلادیش میں پاکستانی موسیقی کا جادو جگا دیا۔
ایک خبر کے مطابق ڈھاکہ میں منعقدہ کنسرٹ میں راحت فتح علی خان اور ان کی ٹیم نے بغیر معاوضے کے پرفارم کیا اور منتظمین سے ٹکٹوں کی فروخت سے بھی کوئی منافع لینے سے گریز کیا۔کنسرٹ میں راحت فتح علی خان کے علاوہ مشہور مقامی بینڈز آرٹ سیل، چرکٹ، آفٹرمتھ اور سلسیلا نے بھی پرفارم کیا جبکہ ریپ آرٹسٹ شیزان اور حنان نے بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔
ڈھاکہ میں کنسرٹ کا انعقاد کرنے والی تنظیم ‘اسپرٹس آف جولائی’ کا کہنا تھا کہ اس کنسرٹ کا مقصد رواں برس جولائیـاگست میں ہونے والے پرتشدد احتجاج میں شہید اور زخمی ہونے والوں کے خاندانوں کی مدد کرنا ہے۔آرگنائیزرس کا کہنا تھا کہ ایونٹ سے حاصل ہونے والی تمام آمدنی متاثرہ خاندانوں کیلئے کام کرنے والی ایک فلاحی تنظیم ‘شہدا میموریل فاؤنڈیشن’ کو عطیہ کردی جائے گی۔
اپنی پریس ریلیز میں منتظمین کا کہنا تھا کہ بنگلادیش کے انقلاب میں طلبا کے نمایاں کردار کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے ٹکٹ خریدنے والے طلبا کو 16 فیصد سے لے کر 36 فیصد تک خصوصی رعایت دی گئی تھی۔کنسرٹ کے ٹکٹس کو 3 درجوں میں تقسیم کیا گیا تھا، اسٹیج کے قریب مخصوص جگہ کیلئے وی آئی پی ٹکٹس کی قیمت 10 ہزار بنگالی ٹکا، پہلی قطار کے ٹکٹس کی قیمت 45 ہزار بنگالی ٹکا جبکہ کنسرٹ کی جنرل ٹکٹ کی قیمت 2500 بنگالی ٹکا رکھی گئی۔
وی آئی پی ٹکٹس خریدنے والے طلبا سے 16 فیصد رعایت کے بعد اس ٹکٹ کی قیمت 8 ہزار 400 بنگالی ٹکا پہلی قطار کی ٹکٹ میں 24 فیصد رعایت کے بعد 3 ہزار 420 بنگالی ٹکا جنرل ٹکٹ میں 36 فیصد رعایت دیکر صرف 1 ہزار 600 بنگالی ٹکا قیمت وصول کی گئی۔ٹکٹ خریداری کیلئے ڈھاکہ کی تمام سرکاری اور نجی یونیورسٹیوں میں خصوصی بوتھ قائم کردیے گئے تھے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل معروف پاکستانی گلوکار عاطف اسلم بنگلادیش میں منعقدہ ‘میجیکل نائٹ 2.0’ میں اپنی آواز کا جادو جگا چکے ہیں۔ ڈھاکہ کے آرمی اسٹیڈیم میں منعقدہ کنسرٹ میں آڈیئنس کے اصرار پر عاطف اسلم نے مقررہ وقت سے 2 گھنٹے زائد پرفارمنس پیش کر کے سامعین کے دل موہ لیے۔عاطف اسلم نے پرفارمنس کے دوران اپنے مداحوں سے گفتگو بھی کی، اس موقع پر ا نہوں پوسٹرز، تصاویر، اور ٹی شرٹس پر دستخط کیے۔