ممبئی (نمائندہ خصوصی)جدید دور کی مصنوعی ذہانت (اے آئی) نے نہ صرف نیا مواد تخلیق کرنے کے مواقع فراہم کیے ہیں بلکہ موجودہ مواد کو بھی تخلیقی طور پر تبدیل کرنے کے امکانات پیدا کیے ہیں۔
اسی ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے مشہور زمانہ بالی ووڈ فلم ‘شعلے’ کے مقبول مناظر میں مزاحیہ اور حیرت انگیز تبدیلیاں کی گئیں، جن کی ویڈیو انٹرنیٹ پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔ اس ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ فلم میں گبر سنگھ، ٹھاکر کے ہاتھ کاٹنے کے بجائے انہیں گلے لگا لیتا ہے، ٹھاکر کے کٹے ہوئے ہاتھ واپس آ جاتے ہیں، بسنتی ڈاکوؤں کی بجائے کتوں کے سامنے ناچتی ہے، اور جیا بچن کے ہاتھ میں ماچس کی تیلی کی جگہ سگریٹ دکھائی گئی ہے، جسے وہ پیتے ہوئے نظر آتی ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین نے اس ویڈیو پر دلچسپ تبصرے کیے۔ کسی نے اسے اے آئی کی طاقت کے غلط استعمال کا نمونہ قرار دیا تو کسی نے کہا کہ یہ وہ ‘شعلے’ ہے جسے وہ دیکھنا پسند کریں گے۔ایک بھارتی صارف نے اے آئی کی طاقت کو خطرناک اور مستقبل کیلئے خطرہ بھی قرار دے دیا۔واضح رہے کہ 15 اگست 1975 کو ریلیز ہونے والی بالی ووڈ فلم ‘شعلے’ میں امیتابھ بچن، دھرمیندر، جیا بچن، ہیما مالنی، سنجیو کمار اور امجد خان نے یادگار کردار ادا کیے تھے۔ خاص طور پر گبر سنگھ کا کردار، جو امجد خان نے ادا کیا، انہیں عالمی شہرت دلانے کا باعث بنا اور آج بھی وہ اپنے اس ہی کردار کیلئے مشہور ہیں۔