بیروت(نمائندہ خصوصی )لبنان کے وزیر اعظم نے امریکہ و فرانس سے مدد چاہی ہے کہ وہ لبنان میں موجود اسرائیلی فوجوں کے انخلا میں تیزی لانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق لبنانی وزیر اعظم نے یہ مطالبہ لبنان اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی معاہدے کے تقریبا ایک ماہ بعد اس صورتحال میں کیا جب اسرائیل اب تک اس معاہدے کی کئی بار خلاف ورزی کر چکا ہے اور معاہدے کے مطابق اپنی فوج کو نکالنے میں غیر معمولی طور پر سست روی کا شکار ہے۔
وزیراعظم نے کہا جنگ بندی معاہدے پر عملدرآمد کے لیے قائم کردہ کمیٹی کو چاہیے کہ وہ اسرائیلی فوج پر دبا ڈالے۔ تاکہ اسرائیل جنگ بندی کی خلاف ورزیاں روکے اور اپنی فوج کو لبنان سے واپس بلائے۔انہوں نے کہا یہ ضروری ہے کہ فریقین پر دبائو ڈالا جائے کہ وہ جنگ بندی کی پابندی کریں۔
اس سلسلے میں انہوں نے امریکہ و فرانس کا نام لے کر کہا کہ انہیں چاہیے کہ دو ماہ کے دوران اسرائیل کو اپنی فوج کے جس انخلا کو مکمل کرنا ہے، اس کی رفتار کو تیز کرایا جائے۔ تاکہ معاہدے کی اس شق پر صحیح معنوں میں عمل ہو سکے۔