ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی

شہید بینظیر بھٹو نے ملک و قوم اور جمہوریت کے استحکام کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا، ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید میر غلام مصطفی شاہ نے سابق وزیر اعظم شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو ملک و قوم کے لئے بے مثال خدمات پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید بینظیر بھٹو نے ملک و قوم اور جمہوریت کے استحکام کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا،27 دسمبر 2007 ملکی تاریخ میں ہمیشہ ایک المناک دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔

سید میر غلام مصطفی شاہ نے بے نظیر بھٹو شہید کی 17 ویں برسی پر اپنے پیغام میں کہا کہ شہید بینظیر بھٹو کو اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیر اعظم اور پاکستان کی پہلی خاتون قائد حزب اختلاف منتخب ہونے کا اعزاز حاصل ہے، انہوں نے ملک میں جمہوریت کی بحالی و استحکام اور آئین کی بالادستی کے لیے بھرپور جدوجہد کی۔

انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے جرات مندی سے غیر جمہوری قوتوں کا سامنا کیا اور قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں، انہوں نے کسانوں، مزدوروں اور پسے ہوئے طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے ہر فورم پر آواز اٹھائی،شہید محترمہ کی شہادت سے ملک کی سیاست میں پیدا ہونے والا خلا کبھی پر نہیں ہو سکے گا۔

ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پارٹی شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے مشن پر گامزن ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ دن دور نہیں جب ہم سب مل کر ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے میں کامیاب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے نظریے پر عمل پیرا ہو کر ملک کو درپیش مسائل سے نکالا جا سکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں