ایجوکیشن بورڈ فیصل آباد

ایجوکیشن بورڈ فیصل آباد نے امتحان انٹرمیڈیٹ (سیکنڈ) سالانہ2024ء کے نتائج کا اعلان کردیا کامیابی کا تناسب 38.35 فیصد رہا

مکوآنہ ( نمائندہ خصوصی)بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد نے امتحان انٹرمیڈیٹ پارٹ فرسٹ’ سیکنڈ و کمپوزٹ (سیکنڈ) سالانہ 2024ء کے نتائج کا اعلان کر دیا۔

نتائج کی سادہ و پروقار تقریب ڈویڑنل کمشنر و چیئرپرسن ایجوکیشن بورڈ فیصل آباد سلوت سعید کی زیرصدارت منعقد ہوئی جس میں سیکرٹری بورڈ ڈاکٹر حبیب الرحمن کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران بھی شریک ہوئے۔ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق 10 بجے دن ڈویڑنل کمشنر و چیئرپرسن بورڈ سلوت سعید نے لیپ ٹاپ پر بٹن دبا کر رزلٹ آن لائن کیا جس کے ساتھ ہی رزلٹ بورڈ کی ویب سائیٹ bisefsd.edu.pk www.پر اَپ لوڈ ہو گیا۔

اس موقع پر سیکرٹری بورڈ ڈاکٹر حبیب الرحمن نے بتایا کہ امتحان انٹرمیڈیٹ پارٹ فرسٹ’ سیکنڈ و کمپوزٹ (سیکنڈ) سالانہ 2024ء میں کل 21937طلباء وطالبات شریک ہوئے جن میں سے 8412 پاس ہوئے اور یوں کامیابی کا تناسب 38.35فیصد رہا انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد’ جھنگ’ ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ اضلاع کے طلباء وطالبات کیلئے ان کے گھروں کے قریب57 الگ الگ امتحانی مراکز قائم کئے گئے تھے تاکہ امتحان دینے کے سلسلہ میں انہیں کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

سیکرٹری بورڈ نے مزید بتایا کہ امتحان علوم شرقیہ’ فاضل عربی’ فاضل پنجابی’ ادیب اردو کے (سیکنڈ) سالانہ 2024ء کے نتائج کا اعلان بھی آج کیا گیا ہے اس امتحان میں کل 32 امیدوار شریک ہوئے اور رزلٹ 94 فیصد رہا اس رزلٹ بارے کنٹرولر امتحانات کے فون نمبر 0412517710 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ اس موقع پر چیئرپرسن بورڈ سلوت سعید نے کہا کہ حکومت پنجاب کے احکامات کی روشنی میں بچوں کے بہترین مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے پی بی سی سی کے وضع کردہ سخت ایس او پیز کے مطابق مارکنگ کا عمل انتہائی احتیاط’

محنت اور بھرپور توجہ کے ساتھ مکمل کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی بچے کے ساتھ کوئی ظلم و زیادتی نہ ہواور اسے اس کی محنت کا بھرپور ثمر ملے کیونکہ یہی بچے پاکستان کا شاندار مستقبل ہیں جو انشاء اللہ تعالیٰ کل کو وطن عزیز کی باگ ڈور سنبھالیں گے انہوں نے کہا کہ بورڈ انتظامیہ کو یقین ہے کہ نتائج الحمداللہ شفاف اور غلطیوں سے مبراء ہیں تاہم طلبائ وطالبات کو ری چیکنگ کی سہولت بھی حاصل ہے ایسے بچے جو اپنے حاصل کردہ نمبروں سے متعلق تذبذب یاغیریقینی صورتحال کا شکار ہوں وہ 11 جنوری 2025ء تک ری چیکنگ کی درخواست دے کر اپنی جوابی کاپی خود چیک کرکے تسلی کر سکتے ہیں ایسے طلبائ وطالبات جن کی جوابی کاپیوں میں کوئی غلطی پائی گئی تونہ صرف ان کا تصحیح شدہ رزلٹ فوری جاری کیا جائے گا بلکہ انہیں ری چیکنگ کی ادا کردہ فیس بھی واپس کر دی جائے گی۔

سیکرٹری بورڈ ڈاکٹر حبیب الرحمن نے مزید کہا کہ امتحان انٹرمیڈیٹ (اول) سالانہ2025ء انشاء اللہ22اپریل 2025ء سے شروع ہو گا جس کیلئے سنگل فیس کے ساتھ داخلہ فارم یکم جنوری 2025 ء تا24 جنوری 2025ء ‘دوگنا فیس کے ساتھ25 جنوری تا 03 فروری اور تین گنا فیس کے ساتھ04 فروری تا12 فروری 2025ء تک ایجوکیشن بورڈ فیصل آباد میں جمع کروائے جا سکیں گے تاہم اس سلسلہ میں اگر کسی کو مزید معلومات درکار ہوں تو وہ کنٹرولر امتحانات کے دفتری فون نمبر0412517710 پر رابطہ کر سکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں