وزیراعظم عمران خان

صنعت کاروں کو ایکسپورٹس میں پیش آنےوالی مشکلات کو جلد از جلد حل کیا جائے، وزیر اعظم عمران خان

اسلام آباد (گلف آن لائن) وزیر اعظم عمران خان نے صنعتکاروں کو ایکسپورٹس میں پیش آنےوالی مشکلات کو جلد از جلد حل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کا کام صنعتوں اور کاروباری سرگرمیوں کیلئے آسانیاں اور سہولتیں فراہم کرنا ہے،ملکی ترقی و خوشحالی صنعتی شعبے اور کاروباری طبقے کی ترقی سے وابستہ ہے،صنعت کارزراعت کے شعبے میں جدت لانے ،مختلف فصلوں کی پیداواری صلاحیت بڑھانے کیلئے بڑے پیمانے پرکارپوریٹ فارمنگ شروع کرنے کیلئے تجاویز دیں۔

وزیر اعظم عمران خان سے ملک کے معروف صنعتکاروں پر مشتمل وفد نے ملاقات کی ۔ وفد کی شرکاءنے وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کاروباری سرگرمیوں کو میسرحکومتی سرپرستی کے مثبت نتائج آنا شروع ہو چکے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ملکی فارن ایکسچینج ریزرو کا بلند ترین سطح پر ہونا پاکستان کی معیشت میں استحکام کی عکاسی کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومتی معاشی ٹیم ہر وقت ان کی رہنمائی اور مسائل کے حل کیلئے دستیاب ہوتی ہے۔انہوں نے وزیراعظم کو بتایا کہ حکومتی کاوشوں سے پاکستان کا کرنٹ اکاﺅنٹ کا خسارے سے نکل کر سر پلس ہونا معیشت کیلئے انتہائی خوش آئند ہے۔

شرکا نے تعمیراتی شعبے کی سرپرستی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت سیمنٹ کی کھپت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے۔ کرونا وبا کے باوجود تعمیراتی سرگرمیوں میں تیزی اور ٹیکسٹائل برآمدات میں اضافے سے معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہو چکے ہیں اور لوگوں کو روزگار کے مواقع ملے ہیں۔وفد کی شرکا نے حکومتی پالیسیوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے معیشت کی بہتری کیلئے اپنے خدمات پیش کیں۔ وزیر اعظم نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کا کام صنعتوں اور کاروباری سرگرمیوں کیلئے آسانیاں اور سہولتیں فراہم کرنا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں